سوکڑ ۔راجوری 20کلو میٹر سڑک خستہ حال ٹھیکیدار غائب ،عوام پریشان ،محکمہ خاموش تماشائی

سید زاہد
کوٹرنکہ/ /کوٹرنکہ سب ڈویژن کے دیہات کو ضلع ہیڈ کوارٹر اور سب ڈویژن ہیڈکوارٹر کیساتھ جوڑنے والی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں تاہم متعلقہ حکام کو ٹس سے مس نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے تعمیر اتی ایجنسیوں اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن کے سوکڑ علاقہ کو راجوری کیساتھ جوڑنے والی 20کلو میٹر رابطہ سڑک آہستہ آہستہ نا قابل استعمال ہوتی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں و ٹرانسپورٹروں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ رابطہ سڑک محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت نکالی گئی تاہم گزشتہ کئی برسوں سے اس کو مکمل کرنے کیلئے کوئی عملی قدم ہی نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک سے ایک بڑی آبادی منسلک ہے جس کی مشکلات میں بھی اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے عام لوگوں و بزرگوں کیساتھ ساتھ طلباء کو بھی دقتوں کا سامنا ہے۔متعلقہ محکمہ کے ایک آفیسرنے بتایا کہ اس سلسلہ میں ٹھیکیدار سے متعدد مرتبہ بات کی گئی تاہم اُس نے کوئی کام نہیں کیا ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں ۔