سوچی کو کرپشن کے الزام میں مزید 6سال قید

ینگون//یو این آئی// میانمار کی فوجی عدالت نے ملک کی معزول رہنما آنگ سان سوچی کو کرپشن کے الزام میں 6 سال قید کی سزا سنادی جس سے ان کی ابتدائی 11 سال قید کی سزا بڑھ کر 17 سال ہوگئی ہے ۔ 77 سالہ آنگ سانگ سوچی کو گزشتہ سال یکم فروری میں فوج نے بغاوت کے ذریعے ان کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد حراست میں لے لیا تھا، جس سے اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں جمہوریت کے مختصر دور کا خاتمہ ہوگیا تھا۔اس کے بعد سے وہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، بدعنوانی اور انتخابی دھوکا دہی سمیت متعدد مقدمات میں انہیں مجرم ثابت ہونے پر 11 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔میڈیا سے گفتگو کے مجاز نہ ہونے کے سبب شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر ذرائع نے بتایا کہ آنگ سانگ سوچی کو انسداد بدعنوانی کے 4 الزامات کے تحت 6 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ ان پر عائد ہر الزام میں زیادہ سے زیادہ 15 سال قید ہو سکتی ہے۔