سوپور میں لرزہ خیز واقعہ نشے کے عادی بیٹے نے ماں کو قتل کردیا

غلام محمد

سوپور //سوپور کے ڈانگر پورہ علاقے میں منشیات کے عادی بیٹے نے اپنی بزرگ ماںکا گلہ دبا کرقتل کر ڈالا۔نشہ کے عادی مذکورہ نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے بدھ کی رات دیر گئے بیٹے کے ہاتھوں بزرگ ماں کے قتل کا یہ لرزہ خیز واقعہ پیش آیا۔کچھ مقامی لوگوں اور رشتہ داروں کے مطابق جرم کے ارتکاب کے فوراً بعد ملزم 32سالہ شوکت احمد گنائی بے قابو ہو گیا جس نے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے اور بھائی اور چچا کو بھی زخمی کرنے کی کوشش کی۔

 

مہلوک خاتون کے لواحقین کا کہنا ہے کہ شوکت احمد پہلے سے ہی ایسا تھا اور اس سے قبل بھی پولیس نے اسے کئی مرتبہ گرفتار کیا تھا تاہم اس کے باوجود بھی وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا ۔نشے کے عادی شوکت گنائی کو چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہمتوفی کی شناخت 70 سالہ عائشہ بیگم زوجہ مرحوم محمد رمضان گنائی کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعے کے فوراً بعد کچھ رشتہ دار اور پڑوسی اس کی لاش طبی قانونی کارروائیوں کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور لے گئے۔پولیس نے کہا کہ طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی گئی۔ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سوپور میں کیسزیر نمبر54/2023 درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ واقعہ کو لے کر ڈانگر پورہ سوپور میں مرد و زن نے منشیات فروشوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات اور نشیلی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کرکے انہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جائے۔