سونہ مرگ میں سیاحوں کا بڑھتا رش رہائشی مکانات گیسٹ ہاوسوں میں تبدیل

غلام نبی رینہ

 

کنگن//دو سال تک ملک کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی عالمگیر وبا کورونا وائرس کی وجہ سے سیاحت کو کافی دھچکا لگا تھا اور سیاحت شعبے سے وابستہ افراد کا روزگار بھی متاثر ہوا تھا جبکہ سونہ مرگ کے ہوٹلوں میں کام کرنے والے سینکڑوں افراد روزگار سے متاثر ہوگئے تھے تاہم کورونا وائرس میں کمی واقع ہونے سے وادی کشمیر میں موسم بہار سے ہی سیاحوں کی بڑی ہوئی تعداد سے سیاحت سے وابستہ افراد کے چہروں پر دوبارہ مسکراہٹ پیدا ہوگئی ہے ۔

 

صحت افزا مقام سونہ مرگ میں امسال سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی بڑے بڑے ہوٹلوں میں پہلے ہی بکنگ ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں اب یہاں کے مقامی لوگوں نے سیاحوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنے رہائشی مکانوں کو پینگ گیسٹ یاوس میں تبدیل کرنا شروع کیا ہے تاکہ سونہ مرگ میں سیرو تفریح پر آنے والے سیاحوں کو رہائشی سہولیات دستیاب ہونے میں کسی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اپنے رہائشی مکانوں کو گیسٹ ہاوس میں تبدیل کرنے کے لئے ان مقامی  لوگوں نے محکمہ سیاحت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو پینگ گیسٹ  ہاوس کے لئے رجسٹریشن فراہم کی جائے تاکہ وہ سیاحوں کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ روزگار بھی حاصل کرسکیں ۔ ایک ہوٹل منیجر نے بتایا کہ سونہ مرگ میں جتنے بڑے بڑے ہوٹل ہیں ان کی دوماہ قبل ہی بکنگ ہوچکی ہے۔