سوریہ کمار ٹی-20 میں ٹاپ رینکنگ کے قریب ،محمد رضوان پہلے نمبر پر

دبئی//یو این آئی// جارحانہ ہندوستانی مڈل آرڈر بلے باز سوریہ کمار یادو نے اپنی آئی سی سی ٹی 20 ریٹنگ میں بہتری لا کر اپنی ٹاپ رینکنگ کی دوڑ کو دلچسپ بنا لیا ہے ۔بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی فہرست میں سوریہ کمار 838 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان کے محمد رضوان 854 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔سوریہ کمار نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی حالیہ ٹی-20سیریز میں اپنی شاندار فارم کو جاری رکھا، دو نصف سنچریوں کے ساتھ مجموعی طور پر 119 رنز بنائے ۔ سوریہ کمار اب رضوان سے صرف 16 پوائنٹس کی دوری پر ہیں جو بلے بازوں کی درجہ بندی میں سب سے اوپر ہیں۔سوریہ کمار بھی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی-20میں 61 (22)ا رن کی اننگز کھیلنے کے بعد رینکنگ میں کچھ دیر کے لیے اوپر چلے گئے تھے ، لیکن تیسرے ٹی-20میں صرف آٹھ رنز بنانے کے بعد بدھ کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر واپس آ گئے ۔ سوریہ کمار کے پاس آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران ٹاپ رینکنگ حاصل کرنے کا ایک اور موقع ہوگا۔دوسری جانب رضوان انگلینڈ کے خلاف حالیہ سات میچوں کی ٹی-20سیریز میں سب سے کامیاب بلے باز رہے ، انہوں نے 316 رنز بنائے ۔ ہندوستان اور پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں 23 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گے ۔دریں اثنا، پاکستان کے کپتان بابر اعظم تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی بلے بازی رینکنگ میں 801 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ہندوستان کے اوپنر کے ایل راہل پروٹیز کے خلاف دو میچوں میں اپنے 108 رنز کے ساتھ فہرست میں سات مقام کی چھلانگ لگا کر 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک (آٹھ مقام چڑھ کر 12 ویں نمبر پر)، ریلی روسو (23 درجہ فائدہ کے ساتھ 20 ویں نمبر پر) اور ڈیوڈ ملر (10 درجے کی بہتری کے ساتھ 29 ویں نمبر پر ہیں) نے بھی فائدہ اٹھایا ہے ۔تجربہ کار ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون بولرز کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 28 درجے کی چھلانگ لگا کر 20 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جب کہ ہاردک پانڈیا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہونے کے بعد آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔