سنگلدان میں لوگوں کا احتجاجی مظاہرہ | اندھ سروٹ سڑک کو جلد بحال کرنے کا مطالبہ

زاہد بشیر
گول//سنگلدان میں اتوار کو مقامی لوگوں نے مولکوٹ اندھ سروٹ سڑک کو جلد بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پی ایم جی ایس وائی کے خلاف نعرے بازی کی ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سالہا سال سے یہ سڑک پہلے بند پڑا ہوا تھا اور مشکل سے اس کو آمد و رفت کے قابل بناگیا تھا لیکن گزشتہ تین ماہ سے ریلوے پروجیکٹ کی وجہ سے بند پڑا ہواہے جس کی وجہ سے ہزاروں کی آبادی در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر گھروں میں کوئی بیمار ہوتا ہے تو ہمیں چار پائی پر اُسے سنگلدان لانا پڑتا ہے اور جہاں آدھ گھنٹا لگتا ہے وہیں ہمیں پورا دن لگتا ہے پیدل لگتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج اکیسویں صدی کے دور میں بھی ہم قدیم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ جب بھی ہم محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے آفیسر سے اس بارے میں بات کرتے ہیں تو آگے سے جواب ملتا ہے کہ ’’آپ لوگوں کو کون سی جلدی پڑی ہے ‘‘۔ انہوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم محکمہ کے ایگزیکٹیو انجینئر ، جے ای اور اے ای ای سے پوچھا جائے کہ ان لوگوں کو کس چیز کی سزا دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد ا ز جلد ہمارے اس سڑک کو بحال نہیں کیاگیا تو ہم پھر سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔