سرینگر میں پارہ 34.2 ڈگری ابتک کاگرم ترین دن ریکارڈ ، جموں میں بارشیں

اشفاق سعید

سرینگر//وادی کشمیر شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے اور جمعرات کوسرینگر میں سیزن کا گرم ترین دن 34.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، مون سون کی بارش سے جمعرات کو جموں میںکچھ راحت ملی۔ سرینگر میں اس سیزن میں پارہ ایک نئی بلندی پر پہنچ گیا ہے، یہ کل کے مقابلے میں 0.2 ° C سے زیادہ اور سیزن کے اس وقت کے لیے معمول سے 5.1 زیادہ تھا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ یہ سرینگر میں پچھلے 12 سالوں میں تیسرے نمبر پر درجہ حرارت رہا۔ 9 جون 2021 کو سرینگر میں 34.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر میں گزشتہ 12 سالوں میں جون کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 3 جون 2018 کو 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ سرینگر میں اب تک کا سب سے زیادہ جون کا درجہ حرارت 37.8 تھا، جو 29 جون 1978 کو ریکارڈ کیا گیا۔ موسمیات کے مطابق وادی میں 10 جولائی سال 1946میں تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 38.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور یہ ریکارڈ آج تک نہیں ٹوٹا ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق جموں میں مونسون کی آمد کیساتھ ہی بارشوںکاسلسلہ شروع ہوگیا ہے جو5جولائی تک جاری رہے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے کچھ ایک علاقوں میں بھی اس کا اثر پڑ سکتا ہے ۔ادھرپہلگام میں گزشتہ روز 28.9 کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ 29.2 ریکارڈ کیا گیا۔ گلمرگ میں گزشتہ روز 24.0 ڈگری کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ 24.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ سیزن کے اس وقت کے دوران دنیا کے مشہور اسکیئنگ ریزورٹ کے لیے 20.6 معمول کی بات ہے،۔ وادی میں جمعرات کو سب سے زیادہ درجہ حرارت کپوارہ میں 34.9ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ بارہمولہ میں 33.5درج ہوا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں کے مقابلے میںوادی میں زیادہ درجہ حرارت درج ہوا۔ رات بھر مانسون کی بارش کے ساتھ، جموں میں زیادہ سے زیادہ 31.7 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ روز 38.1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔