سرینگر میں اے سی بی کی کارروائی صوبائی کمشنر آفس کا جونیئر اسسٹنٹ گرفتار

سرینگر/بلال فرقانی/ جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو  نے جمعرات کی شام ڈویژنل کمشنر آفس کشمیر کے ایک جونیئر اسسٹنٹ کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ڈویژنل کمشنر آفس کے ریونیو سیکشن میں تعینات شاہد پنڈت جونیئر اسسٹنٹ کو انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) کی ایک ٹیم نے 60 ہزار روپے رشوت طلب کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ۔انہوں نے کہا کہ شکایت موصول ہونے پر پولیس اسٹیشن اے سی بی میں سیکشن 7 پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1988 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔اس کے مطابق ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹریپ ٹیم نے کامیاب جال بچھا کر چھانہ پورہ سرینگر کے رہائشی شاہد پنڈت کو موقع پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔افسر کو سرینگر کے ایک پولیس اسٹیشن لے جایا گیا اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔