سرینگر جموں شاہراہ 7 گھنٹوں تک بند رہی

 محمد تسکین

بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر اتوار کو بانہال اور رام بن سیکٹر کے درمیان بارشوں سے کئی مقامات پر پتھر اور مٹی کے تودے گر آئے جس کی وجہ سے کم از کم 7گھنٹوں تک ٹریفک بند رہا اور اس دوران 2000کے قریب مال بردار گاڑیاں سرینگر جانے کے دوران درماندہ ہوئیں۔ ٹریفک پولیس نے بتایا کہ شاہراہ مسلسل بارشوں کے باعث پیر کی صبح پانچ بجے سے بانہال کے شالگڑی ، شیر بی بی،کیفٹیریا موڑ اور مہاڑ کے مقام پر پتھر اور مٹی کے تودے گرنے کیوجہ سے بند ہوگئی ۔اس دوان ٹریفک کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ وادی کیطرف آنے والے دو ہزار کے قریب مال بردار ٹرک رام بن میں درماندہ ہوگئے اور شاہراہ کو پیر کی دوپہر قریب بارہ بجے بحال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شیر بی بی اور مہاڑ کے متاثرہ مقامات پر شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کے قابل ہے اور بیچ بیچ میں پتھر بھی گر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ ، نگروٹہ اور ادہمپور سے آگے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔