سرینگراور بانڈی پورہ میں آتشزدگی | ڈینٹل کلینک ،3دکان اور3رہائشی مکانات خاکستر کروڑوں روپے مالیت کی املاک ،گھریلو وکاروباری سامان تباہ

نیوزڈیسک

سرینگر//سری نگراور بانڈی پورہ میں آگ کی الگ الگ وارداتوںمیں ڈینٹل کلینک ،3دکان اور3رہائشی مکانات کو شدیدنقصان پہنچا جبکہ کروڑوں روپے مالیت کی املاک ،مشینری ،کاروباری اورگھریلو سامان تباہ ہوگیا ۔

 

سری نگر کے علاقہ بمنہ کی غوثیہ کالونی میں اتوار اور پیرکی درمیانی رات ایک تین منزلہ شاپنگ کمپلیکس میں آگ نمودار ہوئی ،جس نے آناًفاناًپورے کمپلیکس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔آگ پرقابو پانے کیلئے کئی فائرٹینڈرس اور فائرسروسزاہلکاروہاں پہنچے اورانہوںنے آگ بجھانے کی کارروائی عمل میں لائی ۔تاہم آگ کی اس واردات میں کمپلیکس میں قائم ایک ڈینٹل کلینک اور3دکانات کو بھاری نقصان پہنچا۔محکمہ فائراینڈ ایمرجنسی سروس کے ذرائع نے بتایاکہ آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی نصف درجن سے زیادہ فائرٹینڈرس کووہاں متعلقہ اہلکاروں کیساتھ روانہ کیا گیا۔

 

انہوںنے کہاکہ کافی محنت ومشقت کے بعدآگ پرقابو پایاگیا تاہم اس دوران ایک ڈینٹل کلینگ اورکمپلیکس میں موجودتین دکانات کو کافی نقصان پہنچا اورلاکھوں روپے مالیت کامال واسباب راکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگیا۔اُدھر پولیس نے آگ کی اس شبانہ واردات کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہے ۔اس دوران شمالی ضلع بانڈی پورہ میں پیرکے روزآگ کی ایک واردات میں 3رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے ۔

 

معلوم ہواکہ پیرکو دوپہر کے وقت کلوسہ بانڈی پورہ علاقے کے گنائی محلہ میں ایک مکان سے آگ بھڑک اُٹھی ،جس کے شعلوںنے نزدیکی مکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔فائر سروس عملہ ،پولیس اورفوجی اہلکار بھی وہاں پہنچے اورآگ بجھانے کی کارروائی شروع کردی گئی ۔ذرائع نے بتایاکہ کافی محنت ومشقت کے بعد کچھ وقت میں ہی آگ پرقابو پالیاگیا تاہم اس دوران 3رہائشی مکانات کو بڑے پیمانے پرنقصان پہنچا اوران میں موجود گھریلو سامان راکھ کے ڈھیروںمیں تبدیل ہوگیا ۔آگ کی اس ہولناک واردات کے نتیجے میں 3کنبے چھت اور عمر بھرکی جمع پونجی بشمول گھریلو سامان سے محروم ہوگئے ۔بانڈی پورہ پولیس نے رہائشی مکان میں آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہے۔