سرگرم حزب ملی ٹینٹ گرفتار رفیع آبا د میں حادثاتی گولی چلنے سے فوجی ہلاک

سید اعجاز +غلام محمد

پلوامہ+سوپور//پولیس نے جمعرات کو اونتی پورہ پلوامہ میں حزب المجاہدین سے وابستہ ایک ملی ٹینٹ کو گرفتار کیا جو محض 7روز سے سرگرم تھا۔ پولیس نے کہا کہ مخصوص اطلاع کی بنیاد پر اونتی پورہ پولیس نے42 آر آر اور سی آر پی ایف کی130ویں بٹالین کے ساتھ چندریگام اونتی پورہ میں ایک خصوصی ناکہ لگایا اور ناکہ چیکنگ کے دوران ایک نوجوان کو پکڑا ، جو مشکوک حالات میں گھوم رہا تھا۔ تلاشی کے دوران گرفتار نوجوان کی تحویل سے پستول اور میگزین برآمد کر لئے گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق پوچھ تاچھ کے دوران مذکورہ شخص کی شناخت دانش محی الدین گنائی ولد غلام محی الدین گنائی ساکن ڈاڈسرہ اونتی پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ گرفتار ملی ٹنٹ نے اعتراف کیا کہ وہ29ستمبر2022 سے حزب المجاہدین میں کام کرہا ہے۔ ملزم کیخلاف ایف آئی آر نمبر 221/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولس اسٹیشن اونتی پورہ میں درج کیاگیا ہے۔ادھر رفیع آباد بارہمولہ میں سروس رائفل حادثاتی طور پر چلنے سے ایک فوجی ہلاک ہوا۔ 32 آر آر کیمپ چاٹوسہ رفیع آباد میں سپاہی چندر موہن بنکر میں موجود تھا جس کے دوران اسکی سروس رائفل اچانک گرگئی اور گولی چلنے وہ شدید زخمی ہوا۔ فوجی کو فوری طور پر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔