سرنکوٹ کے وارڈ نمبر 2اور 4میں پانی کی قلت محکمہ جل شکتی کے ملازمین پر وآفیسران پر لاپرواہی کا الزام

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ قصبہ کی وارڈ نمبر2اور 4میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہورہی ہے تاہم محکمہ جل شکتی کے ملازمین و مقامی آفیسرا ن کی جانب سے عوام کو پانی سپلائی کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھا رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے پانی کی سپلائی نہیں ہورہی ہے تاہم متعلقہ حکام سے رجوع کرنے کے بعد بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ پی ایچ ای اور تحصیل انتظامیہ سرنکوٹ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی باقاعدہ فراہمی کے بجائے محکمہ ایوارڈ سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ حکام سے رجوع بھی کیاگیا لیکن صرف یقین دہانیاں کروا کر معاملہ ٹال دیا جا تا ہے جس کی وجہ سے ان کی دقتوں میں مزید اضافہ ہو تاجارہا ہے ۔ سرنکوٹ کے بزرگ شہری نے بتایا کہ شہریوں کیساتھ نا انصافیاں کی جارہی ہیں لیکن محکمہ کی جانب سے کوئی توجہ ہی نہیں دی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو پانی کی سپلائی فراہم کرنے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔