سرنکوٹ وارڈ نمبر 12کی حالت جوں کی توں | ہوائی پٹی کا نکاسی نظام معقول نہیں ،عوام پریشان

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ میں حالیہ دنوں میں آئی قدرتی آفت کے بعد سے صورتحا ل ابھی تک معمول تک نہیں آئی جبکہ قصبہ کے وارڈ نمبر 12میں حالات ابھی بھی انتہائی خستہ ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قدرتی آفات کے بعد کوئی بھی آفیسر اور نمائندہ ان کے علاقہ میں نہیں آیا جس کی وجہ سے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کام کر کے صورتحال کو معمول پر لانے کا کچھ حد تک کام کیا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے بھی منظور نظر اور سیاسی پشت پنا ہی والوں کی مدد کی گئی ہے جبکہ غریبوں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی سرنکوٹ مذکورہ وارڈ کو فعال بنانے میں نا کامیاب رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہاں پررہائشی پذیر لوگوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔انھوں نے مزید بتایا کہ اقبال نگر سرنکوٹ کی ہوائی پٹی کے پانی سے بھی متاثر ہو رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہوائی پٹی کے نکاسی نظام کو معیاری بنانے کی جانب کوئی دھیان نہیں دیا گیا جس کیو جہ سے مذکورہ علاقہ میں عوامی دقتیں مزید بڑ ھ گئی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں جلدازجلد مداخلت کر کے فوجی گروانڈ کے نکاسی نظام کو معیاری بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔