سرنکوٹ سکول کی غیر معیاری تعمیر کا معاملہ ایس ڈی ایم نے تعمیر اتی عمل کا معائینہ کیا

عشرت حسین بٹ

پونچھ// کچھ دن قبل عوامی شکایات پر روزنامہ کشمیر عظمی میں بوائز ہائرسکینڈری سکول سرنکوٹ میں رمسا سکیم کے تحت تعمیر کی جانے والی آرٹ کرافٹ عمارت کے حوالے سے ایک خبر شائع کی گئی تھی جس میں سرنکوٹ کی عوام نے متعلقہ محکمہ اور متعلقہ ٹھیکیدارپر الزام عائدکیا تھا کہ سکولی عمارت کی تعمیر میں لگایا جانے والا ساز و سامان غیر معیاری ہے اور عمارت کی بنیاد میں سیمنٹ اور سریا کی جگہ محض پتھروں کا استعمال کیاجارہا ہے جس کے بعد جمعرات کو سب ڈویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ نے عمارت کی تعمیری کام کا جائزہ لیا اور انہوں نے موقعہ پر ہوئی غیر معیاری تعمیر کو اکھڑ کر سختی سے معیاری تعمیر کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں ۔ انہوں نے عمارت کے لئے کھڑے کئے جا رہے ستونوں کے سریے کی بھی مقدار بڑھانے کے احکامات صادرکئے ۔اس حوالے سے ایس ڈی ایم سرنکوٹ نعیم النساء بھٹی نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے از خود انجینئرنگ ونگ کی ٹیم کے ہمراہ عمارت کی تعمیر کا جائزہ لیا اور انہوں نے عمارت کی بنیادی تعمیر میں لگائے گئے غیر معیاری مٹریل کو اکھاڑ کردوبارہ سے معیاری مٹریل استعمال کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہوں نے سکول کے پرنسپل کی سربراہی میں ایک ٹیم بھی مقرر کی جو کہ اس عمارت کی تعمیری کام کی نگراں رہے گی ۔