سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں رام نومی کا تہوار مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا

 سمت بھارگو +حسین محتشم+رمیش کیسر

راجوری+پونچھ//رام نومی کا مذہبی تہوار جمعرات کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا اور کئی مقامات پر جھانکی نکالی گئی۔راجوری ضلع میں دیہی اور شہری دونوں جگہوں پر مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں راجوری قصبہ میں جھانکی نکالی گئی جو سناتن دھرم سبھا سے شروع ہوکر مرکزی شہر سے گزری جس میںمختلف علاقوں کے سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا۔کالاکوٹ میں واقع منما ماتا قدیم غار میں ہزاروں لوگ پو جھا کرنے کیلئے پہنچے ۔قدیم غار میں امن اور خوشی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اسی طرح نوشہرہ کے قدیم غار منگلا ماتا میں ایک بڑی مذہبی تقریب کا انعقاد کیا گیا جو دو روزہ میلہ تھا جس میں علاقہ بھر سے بیس ہزار سے زائد عقیدت مند حاضری دینے کے لئے غار میں پہنچے۔اسی طرح کا ایک اور مذہبی پروگرام کٹاؤ مندر سندر بنی میں منعقد کیا گیا جس میں دس ہزار سے زیادہ عقیدت مندوں نے حصہ لیا اور رام نومی کا تہوار منایا۔پونچھ ضلع میں بھی رام نومی منانے کیلئے ضلع بھر میں کئی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔سخت حفاظتی انتظامات کے تحت ضلع کے مختلف علاقوں میں کئی جھانکیاں بھی منعقد کی گئیں۔واضح رہے کہ یہ تہوار بھگوان شیو کے ساتویں اوتار بھگوان رام کے یومِ پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام پر ہر سال کی طرح اس بار بھی گیتا بھون سے سناتن دھرم سبھا پونچھ کے زیر اہتمام شوبا یاترا برآمد ہوئی جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے دوبارہ گیتا بھون میں اختتام پذیر ہوئی۔شوبا یاترا میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور بھجن کرتن کرکے رام جی سے اظہار عقیدت کیا۔اس دوران رام جی کی زندگی کے مختلف گوشوں کو درشاتی جانکیاں بھی نکالی گئی۔ اس موقعہ پر مو جود سناتن دھرم سبھا پونچھ کے صدر،سابق ایم ایل سی پردیپ شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ،سنیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ نے عوام کو مبارکباد دی۔