سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی تھنہ منڈی کے صارفین مشکل میں مبتلا،انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل

نمائندہ عظمیٰ
تھنہ منڈی // ضلع راجوری کی تحصیل تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور آنکھ مچولی کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر رمضان المبارک سے قبل بہتر بجلی فراہم کرنے کی بات کی جاتی ہے لیکن اس سب کے باوجود راجوری ضلع کے متعدد علاقوں میں رمضان المبارک کے ان متبرک ایام کے دوران بجلی کی آنکھ مچولی لوگوں کے لئے سر درد بنی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماہ مقدس میں مخصوص اوقات میں بجلی فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لیکن بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ ناخوش ہیں اور بالخصوص سحری، افطار اور تراویح کے اوقات میں کچھ دیر کے لئے بجلی غائب رہتی ہے جس سے سحری کھانے اور نماز ادا کرنے میں انھیں شدید مشکلات کا سامنا پڑتا ہے۔ بجلی صارفین کا کہنا ہے کہ گورنر انتظامیہ کی ہدایات کے باوجود زمینی سطح پر رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ماہ رمضان سے پہلے بجلی معمول کے مطابق چل رہی تھی لیکن یہ مقدس مہینہ شروع ہوتے ہی بجلی میں غیر اعلانیہ کٹوتی جاری ہے۔ لوگ محکمہ بجلی کے اس غیر سنجیدہ رویے سے نالاں نظر آ رہے ہیں تاہم متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔ سحری اور افطار کے اوقات میں بجلی غائب ہوجانے سے سحری کھانے اور نماز ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا پڑتا ہے۔ لوگوں نے بجلی محکمہ کے اعلیٰ حکام سے بجلی کا شیڈول مرتب کرکے سحری، افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کا نظام بہتر رکھنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔