سب ڈویژن دھرماڑی میں سڑکوںکی حالت خستہ | لوگ پریشانیوںمیں مبتلاء ، سڑکوں کوبہتر بنانے کا مطالبہ

زاہد بشیر
دھرماڑی// خطہ چناب میں پختہ سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے برسات کے دوران بیشتر سڑکیں گاڑیوں کے چلنے کے قابل نہیں رہتی ہیں۔ سڑکوں کی تعمیر کے لئے سرکار کی جانب سے اربوںروپے واگزار ہوتے ہیںلیکن پھر بھی سڑکوں کی حالت نا گفتہ بہہ ہے۔ ضلع ریاسی کے سب ڈویژن دھرماڑی میں کئی ایسی سڑکیں ہیں جہاں سرکار ی دعویٰ کر رہی ہے کہ ان سڑکوں کو مکمل کیاگیا ہے لیکن ان کی حالت ناگفتہ بہہ ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے دھرماڑی کے نوجوان سیاسی و سماجی شخص ریاض احمد نے کہا کہ ریاسی ضلع کے سب ڈویژن دھرماڑی میں ایک سڑک بھی ایسی نہ ہے جس پر معیاری تعمیر ہوئی ہو معمولی سی بارش ہوتی ہے تو سارا پانی سڑکوں میں جمع ہو کر تالاب کی شکل اختیار کر لیتا ہے، اتنا ہی نہیں ان کے اندر بہت زیادہ کچراوغیرہ جمع ہوتا ہے جہاں سے انسانوں کو چلنا دشوار بن جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں غیر معیاری میٹریل کا بے تحاشہ استعمال ہوا ہے جس وجہ سے تھوڑی سی بارش ہونے پر بھی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔ اگر چہ یہ تمام کام محکموں کے زیر نگرانی میں ہوتا ہے لیکن اس کے با وجود محکمہ غیر معیاری میٹریل کا استعمال ہونے سے نہیں روک پا تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدھن، دھرماڑی و دیگر علاقوں میں بہت ساری ایسی سڑکیں ہیں جنہیں محکمہ مکمل کہتا ہے لیکن زمینی سطح کی حالت کچھ اور ہے، سڑکوں کی حالت خراب ہے اور نالیاں بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہی ہیں ۔ ریاض کا کہنا ہے کہ تھرو بدھن سڑک اتنی خستہ حالت ہے انسان تو انسان جانور بھی اس پر نہیں چل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جس کا کام گزشتہ تین چار سالوں سے چل رہا ہے ابھی تک مکمل نہ ہو سکی جس کی وجہ سے علاقہ میں بسنے والے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ریاض نے متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس سڑک کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کی سہولیات کے لئے تیار کیا جائے تا کہ اس سڑک پر سفر کرنے والے لوگ آسانی سے سفر طہ کر سکیں۔