سب ڈویژن بانہال اور رامسو میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے صارفین پریشان کھڑی فیڈر کی اپ گریڈیشن جاری ، ۔33KV لائن اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ حکومت کو روانہ

کھڑی فیڈر کی اپ گریڈیشن جاری ، ۔33KV لائن اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ حکومت کو روانہ بانہال// پچھلے دو مہینوں سے شدت کی سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی ضلع رام بن کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا شروع ہوا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور پچھلے کئی ہفتوں سے بجلی من مرضی سے آتی جاتی ہے جس کی وجہ سے صارفین میں محکمہ بجلی کے تئیں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ پچھلے کئی ہفتوں سے رامسو اور بانہال ریسویننگ سٹیشن کے تحت آنے والے نیل ، مکرکوٹ ، چکہ ، سربگھنی ، اہمہ درداہی ، بانہال کے کھڑی آڑپنچلہ ، مہو منگت ، سرن ، سراچی ، چملواس، شابن باس ، تلباغ، ڈولیگام ، چنجلو ، لامبر ، عشر اور کراوہ وغیرہ کے علاقوں میں بجلی کے شیڈول پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے اور من مرضی سے بجلی چھوڑی اور بند کی جاتی ہے۔ کھڑی مہو منگت کے کئی درجن دیہات کو بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے سب سے ذیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔صارفین بجلی کا کہنا ہے کہ محکمہ بجلی کی طرف سے اگرچہ رسیونگ سٹیشن بانہال میں اضافی ٹرانسفارمر لگا کر اس کی صلاحیت میں پچھلے سال اضافہ بھی کیا گیالیکن بجلی کی بلاوجہ اور غیر اعلانیہ کٹوتی کا سلسلہ جوں کا توں ہے اور جنوری کے چلہ کلاں میں بھی غیر اعلانیہ کٹوتی میں غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے اور بعض اوقات کئی کئی گھنٹوں تک بجلی بند رہتی ہے۔ کھڑی مہو منگت تحصیل کے لوگوں کا الزام ہے کہ ان کے علاقوں میں چوبیس گھنٹوں میں سے چند ایک گھنٹے ہی بجلی چلائی جاتی ہے اور اس دوران بیشتر علاقوں میں بجلی سنگل فیز ہی ہوا کرتی ہے اور گھنٹوں اور دنوں کے حساب سے لوگوں کو بجلی کے بغیر رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی صارفین سے 110 روپئے ماہانہ کی بجلی فیس کے بجائے اب چار سو سے سات سو روپئے تک کی رقم ماہانہ بجلی فیس کے طور بلا ناغہ وصولی جاتی ہے لیکن بجلی سپلائی کا نظام دن بہ دن ابتر ہی ہورہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی بار ضروری سروسز کے فیڈر بھی غیر اعلانیہ طور بند کئے جاتے ہیں اور سب ضلع ہسپتال بانہال میں طبی سرگرمیوں کا سلسلہ متاثر ہو جاتا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ رام بن اور ایگزیکٹیوانجینئرمحکمہ بجلی ڈویژن بٹوٹ سے اپیل کی کہ و ہ اس طرف خصوصی توجہ دیں اور عوامی مشکلات کا ازالہ کریں۔ ادھر ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے بجلی کے حوالے سے عوامی مشکلات کی روشنی میںمختلف علاقوں کا نام لکھ کر ایک خط ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی ڈویژن بٹوت کو مناسب کاروائی کیلئے بھیج دیا ہے۔ کشمیر عظمیٰ نے بجلی کی غیر تسلی بخش صورتحال کے حوالے سے محکمہ بجلی کے کئی انجینئروں سے بات کی اور عوامی مشکلات کی روشنی میں ان کا موقف جاننے کی کوشش کی۔ محکمہ بجلی کے عہدیداروں نے جواب میںکہا کہ رامسو ، بانہال اور اکڑال پوگل پرستان کے علاقوں میں صارفین بجلی کی طرف سے بجلی کے غیر منصفانہ استعمال کے باوجود بجلی کا نظام بہتر ڈھنگ سے چلانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور بجلی کی اور لوڈنگ کی وجہ سے ہی گرڈ اور رسیونگ سٹیشنوں سے بجلی خود بخود بند ہوجاتی ہے اور وقفہ دیکر انہیں دوبارہ بحال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن میں بجلی کی ترسیلی لائینیں سینکڑوں کلومیٹر دور پہاڑی سلسلوں سے ہوکر جاتی ہیں اور لائین مینوں اور دیگر ملازمین کی شدید قلت کی وجہ سے ان علاقوں میں بجلی ترسیلی لائنوں میں معمولی فالٹ بھی دور کرنے میں کبھی کبھار تھوڑا سا وقت درکار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی ڈویژن بٹوت کے زیر کنٹرول دور افتادہ علاقوں میں پانچ سے سات پنچائتوں کو ایک ایک مستقل لائین مین کے سپرد رکھا گیا ہے اور ان حالات میں دور علاقوں میں بجلی کا نظام متاثر بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی علاقے کیلئے رسیونگ سٹیشن رامسو سے جانے والا 33 کلوواٹ ٹرانسمیشن لائن کو جوڑنے والا فیڈر کم صلاحیت والا ہے اور اس پر اس کی صلاحیت سے دوگنالوڈ بڑھ جاتا ہے اور کھڑی۔ مہو منگت کا علاقہ بار بار ٹرپ کر جاتا ہے اور یہ سب اور لوڈنگ کی صورت میں آٹومیٹک طور بند ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی کیلئے نیا فیڈر منظور ہوا ہے اور امید ہے کہ گرڈ کارپوریشن آف انڈیا کی متعلقہ کمپنی اسے جلد ہی رامسو رسیونگ سٹیشن میں نصب کریگی تاکہ کھڑی کے علاقوں میں بجلی کی کمی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال میں محکمہ کو کوئی زیادہ پریشانیوں کا سامنا نہیں ہے البتہ گرڈ سٹیشن ٹھٹھار اور رسیوینگ سٹیشن بانہال کے درمیان 33 کلو واٹ کی پرانی ترسیلی لائن کی حالت اب خستہ ہے اور اس بجلی لائن کو اپنی صلاحت سے کئی گناہ زیادہ لوڈ لینا پڑتا ہے جس کی وجہ سے بانہال اور ٹھٹھاڑ کے درمیان یہ لائن کئی بار بریک ڈاون ہوجاتی ہے اور اس کے کنڈنسر بیشتر بار جل جاتے ہیں اور محکمہ بجلی بانہال کے ملازمین کو بجلی چلائے رکھنے میں دن رات بارش اور برفباری میں بھی کام انجام دینا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال اور ٹھٹھاڑ گرڈ سٹیشن کے درمیان 33 کلو واٹ کی ترسیلی لائن اپ گریڈ کرنے کیلئے قریب ڈیڑھ کروڑ روپئے کی مالیت کا ایک پروجیکٹ محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام کو منظوری کیلئے بھیجا گیا ہے اور امید ہے کہ حکام اس اہم مسئلہ کی طرف جلد غور کرینگے۔ انہوں نے عام صارفین سے اپیل کی کہ وہ بجلی کا منصفانہ استعمال کریں اور ہیٹر اور بوائلر کا استعمال ترک کریں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی صارفین کی طرف سے صبح اور شام کے اوقات بجلی اور لوڈنگ کی وجہ سے بجلی کے غیر اعلانیہ کٹ ہوتے ہیں اور لوگوں کو تعاون کرکے بجلی کا استعمال دیانتداری اور ایک اچھے شہری کے طور کرنا چاہئے۔