سب ضلع ہسپتال بھدرواہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان یوتھ ایکشن کمیٹی حکام کی عدم توجہی پر برہم،ای این ٹی ڈاکٹر کی واپسی کا مطالبہ

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //یوتھ ایکشن کمیٹی نے سب ضلع ہسپتال بھدرواہ میں بنیادی ڈھانچے کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔یوتھ ایکشن کمیٹی کے صدر نصیر احمد نے دیگر اراکین کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھدرواہ ہسپتال پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے لیکن بدقسمتی سے یہاں ترقی یافتہ دور میں بھی غریب عوام کو ڈاکٹروں و دیگر بنیادی ڈھانچے کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے ایس ڈی ایچ بھدرواہ سے ایک ڈاکٹر کے تبادلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ پر سازش کرنے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک ای این ٹی ڈاکٹر بھدرواہ میں تعینات تھا جو بخار سے لے کر مریضوں کا مفت آپریشن کرتا تھا لیکن گذشتہ دنوں اس کا بھی تبادلہ کیا گیا۔یوتھ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ معمولی بخار پر مریضوں کو ڈوڈہ و جموں ریفر کیا جاتا ہے اور انفراسٹرکچر ہونے کے باوجود حکومت ڈاکٹر و جدید سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ روز قبل ہسپتال میں بروقت طبی جانچ نہ ہونے کی وجہ سے ایک بچے کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر پندرہ اگست سے پہلے ڈاکٹر کا تبادلہ منسوخ نہیں کیا گیا تو وہ نوجوانوں کے ہمراہ ہمہ گیر احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ضلع و مقامی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔ صدر یوتھ ایکشن کمیٹی نے کہا کہ بھدرواہ کے ساتھ انتظامی سطح پر آئے روز سازشیں کی جارہی ہیں جبکہ یہاں کے لوگ امن پسند ہیں لیکن ان کی خاموشی کا ناجائز فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔