سب ضلع ہسپتال بھدرواہ:نام بڑے اور درشن چھوٹے | بی ایم او کئی ماہ سے نہیں، سرجن، آرتھوپیڈکس و دیگر ماہر ڈاکٹربھی دستیاب نہیں

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سب ضلع ہسپتال بھدرواہ میں ڈاکٹروں و دیگر نیم طبی عملہ کی کمی پر سیول سوسائٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے ترجیح بنیادوں پر خالی پڑی اسامیوں کوشش پر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔سماجی کارکن ایڈووکیٹ محمد ماجد ملک نے بھدرواہ میں ناقص طبی نظام پر متعلقہ حکام کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کئی مہینوں سے بی ایم او کی اسامی خالی پڑی ہے اور سرجن، آرتھوپیڈکس و دیگر ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی بھی عمل میں نہیں لائی گئی ہے جس کے نتیجے میں مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب ضلع ہسپتال بھدرواہ میں ناقص طبی نظام و خالی پڑی ڈاکٹروں کی آسامیوں کو لے کر متعدد بار ایل جی انتظامیہ کی نوٹس میں لایا لیکن ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے شاندار عمارت تعمیر کی گئی ہے لیکن اندر سے خالی پڑی ہے اور متعلقہ حکام و انتظامیہ بنیادی ڈھانچے کی کمی کو پورا کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ دکھا رہی ہے۔ایک اور سیاسی و سماجی کارکن راشد چوہدری نے کہا کہ سرکار عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن زمینی سطح پر غریب لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے حکومت کے دعوؤں کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرصہ چھ ماہ سے بھدرواہ ہسپتال میں بی ایم او و دیگر ماہر ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی درجنوں اسامیاں خالی پڑی ہیں اور سرکار ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے بھدرواہ ہسپتال میں خالی پڑی آسامیوں کو پر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تاخیر کرنے پر ہمگیر احتجاج کی دھمکی دی ہے۔