سب سنٹر میں 7ہزارکی آبادی کیلئے 1نرس تعینات | مہور کی ممنکوٹ پنچایت کے مریض دیگر ہسپتالوں میں دربدر

محمد بشارت
ریاسی //سب ڈویژن مہور کی ممنکوٹ پنچایت میں محکمہ صحت کی جانب سے قائم کر دہ سب سنٹر ممنکوٹ میں عملے کی قلت کی وجہ سے ہزاروں کی آبادی پر مشتمل علاقہ کے مکینوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں 7ہزار آبادی ہے جن میں سے لگ بھگ 3ہزار ووٹر ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس واحد سب سنٹر میں محض ایک سٹاف نرس کو تعینات کیاگیا ہے جو کہ لوگوں کو ضروری ادویات و دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے پیش پیش رہتی ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ علاقہ میں قائم ہیلتھ سنٹر میں معیاری سہولیات اور سٹاف بالخصوص ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کی وجہ سے لوگ اپنے مریضوں کو لے کر خطہ کے دیگر ہسپتالوں میں در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور رہتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ عملے کی قلت کے سلسلہ میں انہوں نے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے بھی رجوع کیا لیکن ابھی تک سب سنٹر میں ڈاکٹروں اور پیر میڈیکل کے سٹا ف ممبران کی تعیناتی یقینی نہیں بنائی جاسکی ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ علاقہ میں جہاں دیگر بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں وہائیں شعبہ صحت کی جانب سے بھی پسماندہ علاقہ کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ معیاری طبی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو چھوٹی بیماریوں کے علاج معالجہ کیلئے بھی در بدر کی ٹھوکریں کھانا پڑتی ہیں ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب سنٹر میں عملے کی تعیناتی کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔