ساوجیاں کا کھیت علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم | علاقہ میں بجلی و پانی نہ ہونے سے عوامی مشکلات میں اضافہ

عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کھیت کی عوام اس ترقی یافتہ دور میں بھی زندگی کی بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنچایت ساوجیاںکھیت کے وارڈ نمبر سات کی عوام بجلی پانی کے مشکلات سے دوچار ہیں مگر ان کا کوئی بھی پْرسان حال نہیں ہے ۔علاقہ کے مکینوں نے کہا ہے کہ ان کی وارڈ میں عوام کو نہ بجلی سپلائی پہنچایی جا رہی ہے اور نہ ہی انہیں پینے کا صاف پانی مہیا کیا جا رہا ہے۔ مکینوں نے متعلقہ پنچایت کے سرپنچ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے جو سولر لایٹس ان کی وارڈ کے لئے دی گئی تھیں وہ بھی انہیں مہیا نہیں کی گئی جس کی وجہ سے وہ چمنی کا استعمال کر کے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ ساوجیاں اے پنچایت کی وارڈ نمبر سات سے تعلق رکھنے والے محمد اسلم،شبیر احمد اور مشتاق احمد مکینوں نے بتایا کہ ان کا علاقہ سرکاری آنکھوں سے اوجھل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بجلی پانی اور سولر لایٹس سے محروم رکھا گیا ہے اور انہیں پینے کا صاف پانی حاصل کرنے کیلئے میلوں پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقہ میں غریب لوگ زندگی بسر کرتے ہیں اور محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے چلائے جانے والی سکیم پی ایم اے وائی کا بھی انہیں کوئی فایدہ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ سرپنچ ان کی وارڈ کی تعمیر و ترقی میں رکھنا ڈال کر ان کی وارڈ کا حصہ اپنے منظورِ نظر لوگوں میں تقسیم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں علاقہ کے لوگ متعدد بار افسران اور ضلع ترقیاتی کمشنر سے بھی ملاقی ہوئے مگر ابھی تک عوام کو سہولیات نہیں پہنچائی جارہی ہیں ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پانی ،بجلی و دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔