سالورہ میں دوران شب چنار کادرخت جڑ سے اُکھڑگیا اسکولی عمارت،پانی کی پائپ لائن اور بجلی ٹرانسفارمر تباہ

ارشاداحمد
گاندربل//گاندربل کے علاقہ بوغو رام پورہ سالورہ میںدوران شب بوسیدہ چنار کا درخت جڑ سے اُکھڑ کر گورنمنٹ مڈل سکول کی عمارت پر گرگیا،جس کے نتیجے میں سکول کی عمارت، رابطہ سڑک، پانی کی پائپ لائن، بجلی ٹرانسفارمر تباہ ہوکر رہ گئے، تاہم اگر دن کو یہ چنار کا درخت گرتا ،تو سکول میں بہت بڑا جانی نقصان ہونے کا امکان تھا۔گاندربل صفاپورہ شاہراہ پر واقع بوغو رام پورہ میں شاہراہ کے دونوں اطراف میں متعدد چنار کے درخت ایستادہ ہیں ،جن میں سے کچھ درخت بوسیدہ ہوچکے ہیں ،اوران ہی چناروں میں سے ایک درخت جمعہ اورسنیچر کی درمیانی شب اچانک جڑ سے اکھڑ کر شاہراہ کے کنارے گورنمنٹ مڈل سکول بوغو رام پورہ سالورہ کی عمارت پر گرگیا۔بوسیدہ چنار کے درخت کی زد میں سکول کی عمارت، دیوار، پانی کی پائپ لائن.بجلی ٹرانسفارمر آکرمکمل طور پر تباہ ہوگئے۔تاہم چنار دوران شب گرگیا اگر دن میں یہ حادثہ پیش آتا تو سکول میں بہت بڑا جانی نقصان ہوتا۔اس بارے میں مقامی شہری نوید احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گاندربل کے متعدد شاہراہوں کے دونوں اطراف میں جگہ جگہ چنار کے درخت موجود ہیں جن میں سے کچھ درخت مکمل طور پر بوسیدہ ہوچکے ہیں جن کے گرنے سے جانی اور مالی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ضلع انتظامیہ کو چاہیے کہ پورے ضلع میں سڑکوں کے اطراف میں موجود چنار کے درختوں کی سروے رپورٹ مرتب کرے اور جو بوسیدہ ہوچکے ہیں ان کو کاٹ دیا جائے جس سے جانی اور مالی نقصان ہونے سے بچا جاسکتا ہے۔