سابق رکن اسمبلی کی رہائش گاہ کے قریب گرینیڈ برآمد

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے بلاک لسانہ میں جمعرات کے روز سابق رکن ممبر اسمبلی چوہدری محمد اکرم کی رہائش گاہ کے قریب سے ایک گرینڈ برآمد ہوا ۔اس کی خبر ملتے ہی پولیس اور فوج کی ایک ٹیم نے مشترکہ طورپر علاقہ کو محاصرے میں لے کر تلاشی مہم چلائی ۔حیات چوہدری ولد چوہدری محمد اکرم لسانوی نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے میں بھی ان کے گھر پر گولی چلائی گئی اور ایک دھماکہ بھی ہو ا تاہم اس دوران کوئی نقصان نہیں ہوا تاہم اب گھر کے عین قریب سے مذکورہ نوعیت کا دھماکہ خیز مواد ملنا انتہائی تشویش ناک ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ نوعیت کے مشکوک واقعات کی سختی کیساتھ تحقیقات کی جائے اور اس غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے مذکورہ دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کیساتھ ساتھ اس سلسلہ میں تحقیقاتی سرگرمیاں بھی شروع کر دی ہیں ۔