سابق ایم ایل اے کے گھر کے احاطے سے گرینیڈ بر آمد,تحقیقات شروع

عشرت بٹ

پونچھ// سابق ایم ایل اے سرنکوٹ چودھری اکرم کے مویشی خانہ سے دستی بم برآمد ہوا جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔حکام کے مطابق جمعرات کی شام ایک ہینڈ گرنیڈ سابق رکن اسمبلی کے گھر کے قریب مویشیوں کے شیڈ میں دیوار کے ایک حصے میں پڑا پایا گیا۔حکام نے کہا’’فورسز کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور دستی بم قبضے میں لے لیا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔اس سے قبل پانچ روز قبل سابق رکن اسمبلی کے گھر پر بھی فائرنگ کا ایک پراسرار واقعہ پیش آیا تھا جس میں گھر کی چھت پر کرچ کے نشانات دیکھے گئے تھے جس کے بعد اعلیٰ پولیس افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا تھا اور گھر کے باہر گولیوں کے کچھ خول بر آمد کئے تھے۔