زعفران کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کسانوں کی ہرممکن مدد کی جائیگی:ناظم زراعت

سرینگر//شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی نے زرعی پیداواراوربہبودی کسان محکمہ کشمیر کے تعاون سے زعفران ورکشاپ وتبادلہ خیال کی نشست کاانعقاد کیا۔اس نشست کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرنظیراحمد گنائی نے کہ جبکہ ڈائریکٹر ریسرچ،ڈائریکٹر ایجوکیشن زرعی یونیورسٹی کشمیر،ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیراوردیگرحکام بھی موجودتھے۔اس موقعہ پر کسانوں نے زعفران کی پیداوار میں سالہاسال سے ہورہی کمی پر تشویش کااظہار کیااور کہا کہ اس کے کئی وجوہات ہیں جن میں مسلسل خشک سالی،آبپاشی کی سہولیات نہ ہونااورزعفران کے کھیتوں کاچوہوں اورخارپشت سے نقصان شامل ہیں۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کسانوں کی فکرمندی پر تفصیلی بات کی اور کچھ علاجی اقدام تجویز کئے ۔اس موقعہ پر روایتی تیکنالوجی کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے پر زوردیا گیا۔ناظم زراعت کشمیر نے اس موقعہ پر اُبھارے گئے نکات کا نوٹس لیا اور یقین دلایا کہ زعفران کی پیداوار بڑھانے کیلئے کسانوں کو ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی۔