ریاض الجنہ میں خواتین کیلئے عبادات کا نیا شیڈول جاری

ریاض//سعودی عرب میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے خواتین کے لیے ریاض الجنہ میں نماز اور زیارت کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔خواتین کو اب صبح اور شام کے وقت زیارت کی اجازت دی گئی ہے۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ زائر خواتین صبح چھ سے 11 بجے تک اور رات ساڑھے نو سے 12 بجے تک ریاض الجنہ میں نماز ادا کرسکتی ہیں۔انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ جمعے کو زیارت کا وقت الگ ہوگا۔ خواتین صبح چھ سے نو بجے اور پھر رات ساڑھے نو سے 12بجے تک ریاض الجنہ میں نماز اور زیارت کرسکیں گی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو تین ماہ تک مملکت میں قیام کی سہولت دے دی۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے ازبکستان کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے آن لائن عمرہ و زیارت ویزوں کا اجرا آسان بنادیا گیا ہے۔ اب زیادہ آسانی اور تیزی سے عمرہ ویزے جاری کرانا ممکن ہوگیا ہے۔پہلے عمرہ ویزے کا دورانیہ ایک ماہ ہوتا تھا۔ اب دنیا کے کسی بھی ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو تین ماہ تک مملکت میں قیام کی سہولت دی گئی ہے۔ ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے کہا کہ ان کا دورہ ازبکستان دونوں ملکوں کے منفرد، تاریخی تعلقات کا حصہ ہے۔اس موقع پر حج وعمرے سمیت متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کے متعدد معاہدے بھی ہوئے ہیں۔سعودی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حج موسم میں ازبکستان سے تقریبا 12 ہزار افراد حج پر آئے تھے۔ کورونا وبا ختم ہونے کے بعد حج کوٹے میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان سے گزشتہ دو ماہ کے دوران 36 ہزار سے زیادہ افراد عمرے پر آئے ہیں۔ بیشتر نے مسجد نبوی کی زیارت کی، مدینہ منورہ کے تاریخی اور مذہبی مقامات بھی دیکھے۔