ریاستی درجہ کی بحالی کی مانگ کے حق میںشیو سینا کا احتجاج

نیوز ڈیسک
جموں//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں شیو سینا نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے اور مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا کہ ریاستی درجے کی بحالی کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کو 371 کے تحت خصوصی اختیارات فراہم کئے جائیں۔ جموں میں شیو سینا کارکنوں نے پیر کے روز احتجاجی مظاہرئے کئے۔نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران شیو سینا لیڈر نے کہاکہ بھاجپا نے جموں وکشمیر کو سٹیٹ ہڈ کی بحالی کا وعدہ پارلیمنٹ میں کیا لیکن ابھی تک یہ وعدہ وفا نہ ہو سکا۔انہوں نے بتایا کہ دراصل دفعہ 370کی منسوخی ایک سیاسی فیصلہ تھا تاکہ اس کے ذریعے لوگوں سے ووٹ بٹور ے جا سکے۔انہوں نے کہاکہ سرکار دعوئے کر رہی ہیں کہ کشمیر میں حالات پوری طرح سے معمول پر آئے ہیں جو حقائق کے برعکس ہے۔اْن کے مطابق بی جے پی کی جانب سے غیر مقامی افراد کو ووٹنگ کا حق دینے کا منصوبہ بھی ناکام ثابت ہوا ہے کیونکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جو سمری منظرعام پر لائی گئی اْس میں بہت ہی کم تعداد میں لوگوں نے اندراج کرایا ہے اور اس طرح بھاجپا کا یہ منصوبہ بھی ناکام ثابت ہوا۔موصوف لیڈر نے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد بھاجپا نے لوگوں کو سبز باغ دکھائے لیکن سبھی دعوئے جملہ بازی ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح سے ملک کی دیگر سرحدی ریاستوں کو خصوصی اختیارات دئے گئے ہیں اسی طرح جموں وکشمیر کو دفعہ 371کے تحت خصوصی اختیارات دئے جائیں.اْن کے مطابق جموں وکشمیر میں ابھی بھی ملی ٹینسی پوری طرح سے ختم نہیں ہوئی لہذا یہاں کے لوگوں کو بھی خصوصی اختیارات ملنے چاہئے۔