روس اور چین براہِ راست خطرہ قرار مشرقی یورپ میں نیٹو کے فوجی دستوں کی تعیناتی کا اعلان

 

میڈرڈ: //مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے روس اور چین کو براہِ راست خطرہ قرار دیا ہے۔نئے نظریہ سلامتی کے تحت اتحاد کو سب سے زیادہ اور براہِ راست خطرہ روس سے ہے جبکہ چین کی توسیع پسندانہ اور جابرانہ پالیسیاں بھی نیٹو کے مفادات، سلامتی اور اقدار کے لیے بڑا چیلنج ہیں۔اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں نیٹو سمٹ کے دوران مغربی دفاعی اتحاد کے رکن ممالک نے یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں اپنا نیا نظریہ سلامتی جاری کر دیا۔اس سمٹ کے دوران نیٹو کی جانب سے مشرقی یورپ میں اس اتحاد کے فوجی دستوں کی تعیناتی کا اعلان بھی کیا گیا۔اس دستاویز کے مطابق نیٹو اب روس کو اپنے ایک اسٹریٹیجک پارٹنر کے طور پر نہیں دیکھتا۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیٹو روس کے ساتھ کوئی تنازعہ بھی نہیں چاہتا اور نہ ہی نیٹو روس کے لیے کوئی خطرہ ہے۔ چین کے متعلق کہا گیا ہے چین وسیع پیمانے پر سیاسی، اقتصادی اور عسکری سرگرمیوں کے ذریعے اپنی طاقت کا اظہار کرتا ہے۔۔نیٹو سیکریٹری جنرل ڑینس اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ میڈرڈ میں نیٹو اتحادیوں کی سمٹ ایک ایسے موقع پر ہو رہی ہے کہ جب اس اتحاد کے رکن ممالک کو دوسری عالمی جنگ کے بعد کے سب سے سنگین سکیورٹی بحران کا سامنا ہے۔