رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو پیر پنچال کی مساجد میں بھاری رش رہا ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز ادا کی،خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام

 سمت بھارگو +عظمیٰ یاسمین+عشرت حسین بٹ

راجوری+پونچھ //راجوری اور پونچھ اضلاع کی مساجد میں جمعہ کے روز عقیدت مندوں کا زبردست رش دیکھنے میں آیا جنہوں نے رمضان کے مقدس مہینے کے پہلے جمعہ کو نماز ادا کرنے کے لئے مذہبی اداروں کا ہجوم کیا۔جڑواں اضلاع کی تمام مساجد عقیدت مندوں سے کھچا کھچ بھری رہیں جہاں نمازیں ادا کی گئیں اور مذہبی مبلغین نے خطبہ دیا۔مرکزی جامع مسجد راجوری میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ہزاروں لوگوں نے امن اور ہم آہنگی کے لئے نماز جمعہ ادا کی۔مرکزی جامع مسجد کے انتظامی وابستگی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس موقع پر مذہبی مبلغین جبکہ مقدس مہینے کے پہلے جمعہ کو عقیدت مندوں کے لئے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔نماز جمعہ کی امامت کرنے والے مذہبی مبلغ مولانا محمد فاروق نعیمی نے کہا کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہر مسلمان کی زندگی میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ خطے کی مساجد میں امن، ہم آہنگی، بھائی چارے اور برائیوں کو دور رکھنے کی دعائیں کی گئیں۔رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر سب ڈویژن تھنہ منڈی کی تمام مساجد میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے جمعہ کی نماز ادا کی۔ اس دن کی مناسبت سے نماز جمعہ کے موقع پر بڑے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ہے اور فرزندان توحید نے بار گاہ الٰہی میں سر بسجود ہو کر دعائیں مانگیں اور اپنے گناہوں کی بخشش کیلئے آہ و زاری کی۔ اطلاعات کے مطابق رمضان کے پہلے جمعہ کے موقع پر غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی، حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی اور مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی میں نماز جمعہ کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی اور اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود ہو کر توبہ استغفار کی۔ اس کے ساتھ ہی جامع مسجد راجدھانی، جامع مسجد اسلام پور، جامع مسجد ساج، جامع مسجد ڈنہ لادیاں، جامع مسجد منگوٹہ، جامع مسجد پلانگڑھ، جامع مسجد کھنیال، جامع مسجد درہ، جامع مسجد ڈھوک، جامع مسجد عظمت آباد جامعہ مسجد منہال جامع مسجد بھنگائی اور جامع مسجد شاہدرہ شریف میں بھی نماز جمعہ کے روح پرور اجتماعات ہوئے جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے جمعہ کی نماز ادا کی۔ اس کے علاوہ علاوہ شہر کی دیگرچھوٹی بڑی مسجدوں، خانقاہوں اور درگاہوں میں بھی اس سلسلے میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد نے ان مجالس میں حصہ لے کر’’توبہ و استغفار کی۔ اس موقع پر علماء اور ائمہ حضرات نے ماہ رمضان کی فضیلت کو اجاگر کیا اور اس پر سیر حاصل گفتگو کی۔ ساتھ ہی اس مبارک موقع پر پورے ملک میں امن و امان اور آپسی بھائی چارہ کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔دوسری جانب سرحدی ضلع پونچھ میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ کے بعد خصوصی دعایہ مجلس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے تمام علاقوں میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی اس موقع پر مساجد میں پرْکیف مناظر دیکھنے کو ملے اور نماز جمعہ کے دوران علماء حضرات نے ماہ رمضان کے بابرکت مہینے کے حوالے سے فضائل بیان فرماتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے، یہ مہینہ لوگوں کے ساتھ غم خواری کا ہے۔ اس مہینہ میں مومن کارزق بڑھا دیا جاتا ہے۔ جو شخص کسی روزہ دار کا روزہ افطار کرائے اس کے لئے گناہوں کے معاف ہو نے اور آگ سے نجات کا سبب ہو گا اور اسے روزہ دار کے ثواب کے برابر ثواب ہو گا مگر روزہ دار کے ثواب سے کچھ بھی کمی نہیں ہوگی۔ علماء کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان کے متبرک مہینے میں اللہ نے قرآن مجید کو نازل کر کے مسلمانوں کو زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ عمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ صیام میں روزہ رکھ کر انسان تزکہ نفس کو بہتر طریقے سے سر انجام دے سکتا ہے۔ علما کا کہنا تھا کہ ماہ رمضان میں عبادت الہی کو سر انجام دے کر انسان احسن تقویم کی منازل کو پہنچتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ روزہ دار روزے کی حالت میں جو بھی کام کرتا ہے وہ عبادت میں شامل ہوتا ہے۔ اس موقعہ پر روزہ داروں نے امن و امان ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔