راہل گاندھی کو ہتک عزت کیس میں2سال قیدکی سزا

دہلی//گجرات میں ایک عدالت نے اپوزیشن لیڈر اور کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی کو ہتک عزت کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے 2سال قید کی سزا سنادی۔ میڈیارپورٹس میں بتایاگیاکہ ریاست گجرات کے شہر سورت کی سیشن عدالت میں کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت ہوئی۔ راہول گاندھی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے راہول گاندھی کو ہتک عزت کا مجرم قرار دیتے ہوئے 2سال کے لئے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔تاہم ساتھ ہی اسی عدالت نے کانگریس لیڈر کی39 دن کیلئے ضمانت بھی منظور کرلی ہے جس کے نتیجے میں وہ جیل جانے سے بچ گئے ہیں جبکہ وہ فیصلے کے خلاف کسی اعلیٰ عدالت میں اپیل بھی کرسکتے ہیں۔راہول گاندھی نے 2019 کے عام انتخابات میں ریاست کرناٹک میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام چوروں کا (خاندانی نام) مودی ہی کیوں ہوتا ہے۔ان کا اشارہ دراصل کرپشن کیسز میں ملوث ہیروں کے مفرور تاجر نیرو مودی اور آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی کی طرف تھا۔ اس بیان پر کافی ہنگامہ ہوا اور بی جے پی رکن اسمبلی پورنیش مودی نے راہول پر ہتک عزت کیس درج کرواتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے پوری مودی برادری کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔کانگریس پارٹی نے بیان میں کہا ہے کہ راہول گاندھی اس فیصلے کو چیلنج کریں گے اور کیس جیتیں گے۔(یو این آئی)