رام نومی پر سرینگر میں کشمیری پنڈتوں کی شوبھا یاترا بدر کالی ہندوارہ اور تولہ مولہ میں بھی تقریبات

بلال فرقانی+ارشاد احمد+اشرف چراغ

سرینگر+گاندربل+کپوارہ//رام نومی کے موقع پر کشمیری پنڈتوں نے جمعرات کو سرینگر میں شوبا یاترا نکالی اورتہوار کو مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا ۔روایتی لباس میں ملبوس بچوں کے ایک گروپ کے ساتھ یاترا ٹنکی پورہ کے کتھلیشور مندر سے نکالی گئی اور حبہ کدل، گنپت یار، بربر شاہ، ریگل چوک، لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ اور جہانگیر چوک کی سڑکوں سے ہوتی ہوئی سخت سیکورٹی کے انتظامات میں انجام دی گئی۔’’ہری راما ہری راما‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے کشمیری پنڈتوں کی اچھی خاصی تعداد اس یاترا کے ساتھ تھی، جو پرامن طریقے سے گزری۔سری نگر شہر کے مختلف مقامات پر اکثریتی برادری کے افراد بھی سڑک کے کنارے ان کا استقبال کرتے ہوئے دیکھے گئے۔یاترا کے پیش نظر حفاظتی دستوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا تھا۔کشمیر کی ہندو ویلفیئر سوسائٹی کے صدر چونی لال نے کہا کہ شوبا یاترا نکالنے کے ساتھ ہی نو روزہ رام نومی، بھگوان رام کا جنم دن، تہوار اختتام پذیر ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام دنوں کے دوران ملک اور جموں و کشمیر کے امن اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔معروف کشمیری پنڈت سکالر پیارے لال شنگرو نے کہا کہ شوبا یاترا ماضی میں بھی نکالی جاتی تھی اور نا مساعد حالات سے پہلے اس یاترا میں مسلم نوجوانوں کی شرکت زیادہ تعداد میں ہوتی تھی کیونکہ کشمیری پنڈت ، مرد و زن اس میں شریک ہوا کرتے تھے۔ادھر بدر کالی ہندوارہ مندر میں جمعرات کے روز رام نومی کے آخری روزجوش و خروش دیکھا گیا۔ کشمیری پنڈتوں نے بد رکالی میں امسال بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا ، جس میں درجنوں پنڈت مرد اور خواتین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر مندر میں پوجا و آرتی کا انتظام کیا گیا ۔ایک کشمیری پنڈت نے کہا کہ کشمیر میں ہندو پوری آزادی سے اپنی مذہبی رسمیں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ وادی میں آپسی بھائی چارہ ہمیشہ برقرار رہے۔ادھرکھیربوانی مندر تولہ مولہ میں رام نومی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔اس موقعہ پرکھیر بھوا نی مندر کو پھولوں اور روشنیوں سے سجایا گیا۔صبح سے ہی کافی تعداد میں عقیدت مندوں نے مندر میں حاضری دی اور آرتی اور بھجن سندھیا میں بھی حصہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف محکموں کی جانب سے عقیدت مندوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 

 

منوج سنہا کی مبارک باد

نیوز ڈیسک

 

سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رام نومی کے موقع پر لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ رام نومی کا یہ تہوار بنی نوع انسان کی بہتری کے لئے ہمارے ایمان کو مستحکم کرے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے جمعرات کو ٹویٹ کرکے کہا ‘رام نومی کے پر مسرت  موقع پر تمام لوگوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں’۔انہوں نے کہا ‘میری دعا ہے کہ رام نومی کا یہ تہوار بنی نوع انسان کی بھلائی کے لئے ہمارے ایمان کو مستحکم کرے، یہ تہوار ہم سب کو بے لوث خدمت کے مقصد کے لئے دوبارہ وقف کرنے کی ترغیب دے اور ہم سب ہم سب کی خوشی و خوشحالی اور بھلائی کا آغاز کریں’۔بتادیں کہ رام نومی ہندو برادری کے سب سے بڑے تہواروں میں سے ایک اہم تہوار ہے جو بھگوان شیو کے ساتویں اوتار بھگوان رام کے یوم  پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔