رام بن کی گاندھری۔ بھٹنی رابطہ سڑک20روزسے مسلسل بند پنچایتی نمائندوں کے ہمراہ عوام کا احتجاج،اے ڈی سی کی یقین دہانی پر دھرنا ختم

نواز رونیال
رام بن // ضلع رام بن کے علاقہ گاندھری بھٹنی کو ملانے والے واحد سڑک رابطے کے مسلسل بند ہونے سے عاجز عوام نے تمام پنچایتی نمائندوں کے ہمراہ اپنی مانگوں کو لیکر سخت احتجاجی مظاہرہ کر کے انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں ، خاص کر حاملہ خواتین ،طلباء و سرکاری ملازمین کو گاندھری میں سڑک کے دھنسنے سے ہر دن ٹرانسپورٹ کو لیکر سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔واضح رہے کہ ماضی میں بارشوں کی وجہ سے سڑک کا ایک حصہ دھنس گیا تھا جسکے بعد انتظامیہ نے سڑک کو بحال کرنے کیلئے کافی رقم صرف بھی کی تاہم تقریباً بیس دن قبل یہ سڑک دوبارہ دھنس جانے سے تیس ہزار آبادی کا رابطہ ضلع ہیڈکوارٹر سے منقطع ہوگیا ہے۔عوام نے اپنی مانگوں لیکر سخت مظاہرہ کیا اور مانگ کی کہ سڑک رابطے کو جلد بحال کیا جائے ورنہ وہ ضلع ہیڈکوارٹر کا رخ کرینگے۔احتجاج کی اطلاع ملنے پر موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رام بن ہربنس لعل شرما پہنچے جنہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ وہ جلد سڑک کو دوبارہ بحال کرینگے اور اگلی بار وہ گاڑی میں سوار ہوکر گاندھری آئینگے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی یقینی دہانی پر مظاہرین نے دھرنا ختم کردیا۔