رام بن میں غیر قانونی کان کنی میں ملوث 4 گاڑیاں ضبط

رام بن// ڈسٹرکٹ منرل آفیسر (ڈی ایم او) کلونت سنگھ نے پیر کو رام بن کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران غیر قانونی کان کنی اور خام مال کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والی 4 گاڑیوں کو ضبط کرلیا۔ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت اسلام کی ہدایت پر ڈی ایم او نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ضلع کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر غیر قانونی کان کنی، ریت نکالنے اور خام مال کی نقل و حمل کو روکا۔ڈی ایم او نے بتایا کہ مہم کے دوران غیر قانونی مائننگ، غیر قانونی طور پر نکالی گئی معمولی معدنیات کی نقل و حمل میں استعمال ہونے والے 3 ڈمپر اور 1 ٹپر قبضے میں لے لیا گیا، جن میں سے 2 ڈمپر قانونی کارروائی کے لیے ایس ایچ او چندر کوٹ کے حوالے کر دیے گئے اور 1000 روپے جرمانہ بھی کیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں سے 38 ہزار 785 روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔ڈی ایم او نے مزید کہا کہ محکمہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف سخت کارروائی کر رہا ہے، اور ہم اس کی حوصلہ شکنی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈی ایم او نے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ صرف قانونی ذرائع سے معدنیات خریدیں اور غیر قانونی کان کنوں سے دور رہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر دوسری بار معدنیات کی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث پائے گئے تو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔