راجور ی روزگار میلہ میں 1ہزار سے زائد امید واروں کی شرکت | 25کمپنیوں کیساتھ ساتھ کارپوریشنزوتعلیمی ادارے بھی شریک ہوئے

راجوری//بے روزگار نوجوانوں کو ان کی اہلیت اور ہنر کی صلاحیتوں کے مطابق پرائیویٹ سیکٹر میں بھرتی کیلئے موقع فراہم کرنے کیلئے راجوری میں ایک فئیر کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ راجوری اور ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر کے زیر اہتمام ایک روزہ میگا جاب فیئر کا افتتاح کیا۔ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق بھرتی کے طریقہ کار میں 25 معروف کمپنیاں شامل تھیں، جن میں جمکش، مہندرا، ایل آئی سی، کراؤن انٹرنیشنل، ایس بی آئی، انڈس انڈ بینک، تعلیمی ادارے وغیرہ شامل ہیں۔گریجویٹ، انڈر گریجویٹ، میٹرک اور آٹھویں جماعت کے طلباء کے علاوہ، روزگار میلے نے پولی ٹیکنک، آئی ٹی آئی، اور ڈپلومہ پروگراموں کے 446 طلباء کو راغب کیا۔ ڈی ای سی سی کے مطابق، 262 منتخب طلباء اور امیدواروں کو موقع پر ہی آفر لیٹر دئیے گئے، جبکہ 541 کو اگلے راؤنڈ کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا۔اپنے افتتاحی خطاب میں ڈی ڈی سی نے جاب فیئر کے مقصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس کا مقصد راجوری ضلع کے نوجوانوں کو مختلف تنظیموں کے ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کی طرف سے نوجوانوں اور بے روزگار نوجوانوں کے فائدے کے لئے خود روزگار پیدا کرنے کے متعدد پروگرام متعارف کرائے گئے ہیں اور ہم انہیں ان سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ڈی ڈی سی نے تسلیم کیا کہ نوجوانوں کو روزگار کی تلاش میں بے شمار رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بڑے جاب فیئر سے انہیں ان کی صلاحیتوں اور تعلیمی پس منظر کی بنیاد پر ملازمتیں ملیں گی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ دور دراز علاقوں میں بھی اسی طرح کی تقریبات منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس بات کی تصدیق کی کہ جاب فیئر کو بار بار ہونے والا ایونٹ بنایا جائے گا۔ انہوں نے حصہ لینے والے کاروباری اداروں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کی خدمات حاصل کریں تاکہ ضلع میں روزگار کی شرح میں اضافہ ہو سکے۔ اے ڈی ڈی سی نے ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے بے روزگار نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ خود روزگار کا انتخاب کریں اور اپنے اور دوسروں کے لئے روزی روٹی پیدا کرنے کیلئے کاروباری بنیں۔ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سنٹر، ہینڈی کرافٹ ڈیپارٹمنٹ، حاور مشن یوتھ کے علاوہ کئی دیگر سرکاری اداروں نے نمائش میں حصہ لیا اور حکومت کی طرف سے پیش کردہ مختلف خود روزگار پروگراموں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔بعد ازاں، ڈی ڈی سی نے مشن یوتھ کی ممکن اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان کو کمرشل گاڑیوں کی چابیاں حوالے کیں۔بے روزگار نوجوانوں نے جاب فیئر کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈ کونسلنگ سینٹر کا بھی شکریہ ادا کیا اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مستقبل میں اس طرح کی مزید سرگرمیاں منعقد کرنے پر زور دیا۔