راجوری پونچھ میں مشتبہ نقل و حرکت کی متعدداطلاعات سیکورٹی ہائی الرٹ جاری ،اندرونی علاقوں میں تلاشی و ناکوں میں اضافہ

سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ اضلاع میں سیکورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت کی متعدد اطلاعات کے بعد اندرونی علاقوں میں تلاشی اور موبائل ناکوں میں اضافہ کیا ہے۔ان اطلاعات کے تناظر میں اندرونی سیکورٹی سے نمٹنے والی فورسز خاص طور پر جموں و کشمیر پولیس اورفوج نے ہائی الرٹنس برقرار رکھا ہوا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق جڑواں اضلاع کے مختلف علاقوں میں حالیہ دنوں میں کچھ مشتبہ نقل و حرکت کے بارے میں مخصوص اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ’’معلومات صرف سننے اور کہنے سے زیادہ ہیں اوراس سلسلہ میں کچھ مخصوص معلومات بھی ہیں جس کے بعد سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بھی اپنے پاس موجود کچھ معلومات کی بنیاد پر متوازی الرٹ جاری کیا ہے جس کے بعد راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی کے تمام آلات کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے مزیدبتایا کہ حال ہی میں راجوری کے درہال علاقے میں بڑے پیمانے پر مشتبہ نقل و حرکت ہوئی ہے جس کے بعد ایک محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے اور درہال کے پورے علاقے کی تلاشی لی گئی ہے جبکہ فورسز کی بھاری تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ۔اسی طرح، انہوں نے کہاکہ نوشہرہ سیکٹر کے علاقوں میں ڈرون کی حالیہ مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع ملی جس کے بعد فوج اور پولیس نے آپریشن شروع کیا۔انہوں نے گزشتہ سال کے عسکریت پسندی کے واقعات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ سال 2021 میں ابتدائی طور پر راجوری اور پونچھ میں اسی طرح کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد بھنگائی ٹاپ، دوہری مال، چمراڑ کے جنگل، بھاٹہ دھوڑیاں وغیرہ علاقوں میں جھڑپیں ہوئی جن میں کئی عسکریت پسندوں کیساتھ ساتھ فوج کو بھی نقصان ہوا تھا۔ایس ایس پی راجوری محمد اسلم نے حال ہی میں ایک حالیہ پریس بیان میں بتایا کہ راجوری ضلع میں خاص طور پر یوم آزادی کے پیش نظر سیکورٹی کے انتظامات کو الرٹ پر رکھا گیا ہے اور فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔