راجوری میں پسی گر آنے کا شاخسانہ | جل شکتی محکمہ کا عارضی ملازم ہلاک ،2زخمی

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// ضلع راجوری کے درہال علاقے میں اتوار کو مٹی کے تودے کی زد میں آکر محکمہ جل شکتی کے ایک یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور کی موت ہوگئی جبکہ اس حادثے میں دو دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ان تینوں میں سے دو جل شکتی محکمہ میں یومیہ اجرت کے ملازمین کے طور پر کام کرتے تھے جبکہ تیسرا شخص بھی درہال کے سرن سمبلی علاقے میں پانی کی پائپ لائن کو بحال کرنے میں مصروف تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق اتوار کے روز دوپہر کے وقت سمبلی ٹاپ کے قریب سرن ڈھوک کے مقام پر اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ان میں سے ایک شخص محمد شبیر (48) ولد محمد اعظم سکنہ چوکیاں درہال موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دیگر دو افراد محمد شبیر ولد سائیں محمد عمر 45 سال اور شمشیر حسین ولد فتح محمد عمر 45 سال دونوں ساکن سمبلی شدید زخمی ہو گئے۔ لوگوں نے بتایا کہ مزدور، شبیر احمد ولد سائیں محمد کو بعد میں جی ایم سی راجوری منتقل کر دیا گیا۔