راجوری میں وزیر داخلہ ریلی کے انتظامات جاری 1لاکھ سے زائد لوگوں کی شرکت متوقع ،واٹر پروف ٹینٹوں کا بندوبست کیاگیا :بھاجپا

سمت بھارگو
راجوری//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی راجوری میں ہونے والی ریلی کے انتظامات پوری رفتار سے جاری ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ریلی میں ایک لاکھ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کی توقع کے ساتھ خصوصی واٹر پروف خیموں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ اس ریلی پر بارش کا کوئی اثر نہ پڑے۔ ریلی 4 اکتوبر کو سلانی پل کے قریب نئے بس اسٹینڈ پر منعقد کی جانی ہے جس میں جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ کے لوگ حصہ لیں گے۔اس ریلی کے لئے بی جے پی کے افرادی قوت کے ساتھ نئے بس اسٹینڈ پر انتظامات پوری رفتار سے چل رہے ہیں اور سرکاری اہلکار اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں کہ تمام ضروری انتظامات برقرار رہیں۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر بھاجپا کے جنرل سیکریٹری وبود گپتا جو راجوری میں انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی 2014 کی ریلی کے بعد راجوری اور پونچھ میں ہونے والی سب سے بڑی ریلی میں سے ایک ہونے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلی میں جڑواں اضلاع سے ایک لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات ہیں تاکہ کسی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس دوران ریلی کیلئے خصوصی واٹر پروف ٹینٹ کا انتظام کیا گیا ہے جو اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بارش کا کوئی اثر نہ پڑے۔بی جے پی ریلی میں تکنیکی طور پر ہائی ٹیک انتظامات کو شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی 4 اکتوبر کو مرکزی وزیر داخلہمت شاہ کی راجوری میں ہونے والی ریلی کے لئے تکنیکی طور پر ہائی ٹیک انتظامات کرنے کے لئے ایک ماڈل پر کام کر رہی ہے۔پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ جلسے میں شرکت کرنے والوں کی تعداد نئے بس اسٹینڈ کی گنجائش سے زیادہ ہوگی۔بھاجپا لیڈران نے کہاکہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ تمام لوگ اپنے وزیر داخلہ کو دیکھنے اور سن سکیں اس کیلئے پارٹی کی جانب سے چھ مقامات پر خصوصی اسکریننگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان مقامات پر متعدد اسکرینیں لگائی جائیں گی اور کوئی بھی ان چھ مقامات پر پہنچ سکتا ہے اور ان اسکرینوں کے ذریعے وزیر داخلہ کو دیکھ اور سن سکتا ہے۔