راجوری میں نمبرداروں اور چوکیداری کی فہرستیں شائع نوٹس جاری نہ کرنے اور بند کمروں میں لسٹ تیار کرنے کاالزام

پرویز خان

راجوری //راجوری ضلع میں حالیہ دنوں میں شائع کی گئی نمبرداروں اور چوکیداروں کی فہرستوں پر بڑے پیمانے پر لوگوں نے اعترا ض کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ ملازمین نے مذکورہ آسامیوں کیلئے نوٹیفکیشن پبلک کرنے کے بجائے مبینہ طورپر بند کمروں میں فہرستیں تیار کر کے شائع کر دی ہیں ۔اس سلسلہ میں گزشتہ دو دنوں سے جہاں عام لوگوں نے مذکورہ فہرستوں کی مخالفت کی ہے وہائیں وفود ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے بھی ملا قی ہوئے ہیں ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی ایک جگہوں پر نمبردار اور چوکیدار تبدیل کرنے کا کوئی جواز ہی نہیں بن رہا تھا لیکن اس کے باوجود انتظامیہ نے سبھی کو تبدیل کر دیا جبکہ اس سلسلہ میں نہ ہی کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی سابقہ نمبرداروں اور چوکیداروں کو اس سلسلہ میں کوئی اطلاع دی گئی ہے ۔عام لوگوں نے مرتب کردہ فہرستو ں کو اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں ایک نوٹس باعدگی کیساتھ سوشل میڈیا اور اخبارات میں شائع کروانے کے بعد ایک مدت دی جائے تاکہ خواہشمند حضرات اس سلسلہ میں اپنی درخواستیں جمع کروا سکیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ فہرستوں میں بڑے پیمانے پر ایسے افراد کو شامل کیا گیا ہے جو کہ منظور نظر ہونے کیساتھ ساتھ اس خدمت اور کام کے اہل بھی نہیں ہیں ۔لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ مرتب کردہ فہرستوں کو منسوخ کر کے ان اسامیوں کیلئے باقاعدگی کیساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے تاکہ عام لوگوں کو مناسب اطلاع مل سکے ۔