راجوری اور پونچھ اضلاع کے متعدد علاقوں میں دسہرہ روایتی جوش و خروش اور مذہبی عقیدت کیساتھ منایا گیا

سمت بھارگو+جاوید اقبا ل +حسین محتشم

راجوری+پونچھ //دسہرہ کا تہوار، جو کہ سچائی کی جیت کا نشان ہے، بدھ کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں مذہبی اور ثقافتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اس دوران میگھ ناتھ، کمب کرن اور راون کے مجسموں کو نذر آتش کیا گیا۔راجوری ضلع میں دسہرہ کی متعدد تقریبات منعقد کی گئیں ۔راجوری قصبہ میں مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایک بھر پور مثال قائم کرتے ہوئے حصہ لیا ۔دسہرہ کا ایک جلوس جو مرکزی شہر سے گزر کر دسہرہ گراؤنڈ پر ختم ہوا جہاں مجسموں کو نذر آتش کیاگیا ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری محمد اسلم سمیت سینئر افسران بھی دسہرہ گراؤنڈ میں موجود تھے جہاں انہوں نے دسہرہ کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد دی۔اسی طرح جواہر نگر میں پی ایچ ای آفس گراؤنڈ میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔راجوری ضلع کے دیگر علاقوں بشمول نوشہرہ، سندربنی اور کالاکوٹ میں دسہرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نوشہرہ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔

 

اس موقعہ پر اے ڈی سی نوشہرہ کی قیادت میں پتلاوں کو نذر آتش کیا گیا ۔ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں بھی دسہرے کا تہوار پورے تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ ضلع کے مختلف مقامات پر راون کے پتلاوں کو نذر آتش کیاگیا ۔دسہرے کے موقع پر سب سے بڑی تقریب ہیڈ کواٹر پونچھ پر سپورٹ سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جہاں پر راون، میگ ناتھ، اور کمبھ کرن کے پْتلے جلائے گئے۔ اس موقع پر مختلف طبقہ سے وابستہ مرد و خواتین نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود رہے۔دسہرے کے موقع سے بڑے پیمانے پرسیکورٹی فرسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ ایس ایس پی پونچھ اے ایس پی پونچھ اور ضلع انتظامیہ کے افسران و سی آر پی ایف کے افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر میونسپل کمیٹی پونچھ نے پورے قصبہ کو صاف کیا۔ دسہرہ کے موقع پر سناتن دھرم سبھا سربراہ ستیش ساسن نے خطاب کیا۔مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر دسہرہ کے سلسلہ میں ہنو مان مندر مینڈھر سے ایک ریلی نکالی گئی ۔ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں ہندو و مسلم طبقہ کے لوگوں نے شرکت کی ۔ہنو مان مندر سے نکالی جانے والی ریلی مینڈھر قصبہ کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے واپس ہنو مان مندر میں اختتام پذیر ہو ئی جبکہ بعد میں رسمی طورپر دسہرہ کا تہوار منایاگیا ۔ مینڈھر میں منعقد کی گئی ریلی کے دوران ڈی ڈی سی ممبر انجینئر واجد بشیر ،بی ڈی سی ممبر امان اللہ چوہدری ،سرپنچ ایسوسی ایشن کا چیئر مین وسیم احمد خان ،پی ڈی پی مینڈھر اسمبلی حلقہ کا انچارج ندیم رفیق خان کیساتھ ساتھ سیول اور پولیس انتظامیہ کے اراکین بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ پونچھ ضلع کے سرنکوٹ سب ڈویژن میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔پونچھ قصبے میں، ڈپٹی کمشنر پونچھ اندر جیت، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہت باسکوترا اور دیگر سمیت سینئر افسران بھی دسہرہ تقریب میں موجود تھے۔جڑواں اضلاع میں دسہرہ کی تقریبات کے انعقاد کو یقینی بنانے اور ٹریفک کے انتظامات کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔