راجدھانی ۔لمبی پڑی رابطہ سڑک 10برسوں سے نامکمل | حدمتارکہ کے نزدیک بڑی آبادی متاثر ،حکام پر لاپرواہی کا الزام

پرویز خان
منجا کوٹ //راجوری کی منجا کوٹ تحصیل کے سرحدی علاقوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر کیساتھ جوڑنے والی رابطہ سڑک گزشتہ 10برسوں سے نامکمل ہے سے کئی دیہات کی ہزارو ں کی آبادی شدید مشکلات میں مبتلا ہو چکی ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ٹھیکیدار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل کے سرحدی علاقہ میں زیر تعمیر راجدھانی تا لمبی پڑی رابطہ سڑک کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے حدمتارکہ کے نزدیکی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو کسی بھی مشکلات میں دیگر علاقوں کی جانب منتقل ہونے میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ اور ٹھیکیدار کی مبینہ لاپرواہی و آپسی ملی بھگت کی وجہ سے گزشتہ دس برسوں سے رابطہ سڑک جوں کی توں ہی پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مریضوں او ر حاملہ خواتین کو ہسپتالوں میں پہنچانا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ و مقامی انتظامیہ سے متعدد مرتبہ رابطہ بھی قائم کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی عملی کام نہیں کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں اور پنچایتی اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ لاپرواہ ملازمین اور غیر سنجیدہ ٹھیکیدار کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دوسری جانب محکمہ کے متعلقہ جونیئر انجینئر نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ سڑک کے تعمیر اتی عمل کو جلدازجلد شروع کر دیا جائے گا ۔