دھندلی صبح کیساتھ خشک و سرد موسم سرینگر میں منفی 1.6 اور پہلگام میں منفی 3.4

نیوز ڈیسک

سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہا کیونکہ محکمہ موسمیات نے بدھ کو بتایا کہ صبح کی دھند کے ساتھ خشک موسم جاری رہنے کی توقع ہے۔اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بھی اسی طرح کے سرد موسم کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ لداخ اور وادی میں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہورہا ہے۔سری نگر میں منفی 1.6، پہلگام میں منفی 3.4 اور گلمرگ میں منفی 1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رہا۔لداخ کے علاقے میں دراس میں منفی 9.6، کرگل میں منفی 10.7 اور لیہہ میں منفی 6.8 تھا۔جموں میں 10، کٹرہ 9.2، بٹوٹ 4.6، بانہال 1.2 اور بھدرواہ میں 2.8 درجہ حرارت کم سے کم رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 8دسمبر تک اسی طرح کے موسم کے زیادہ امکانات ہیں اور اس دوران صبح کے وقت شدید ٹھنڈ اور دھند رہے گی ، دن میں کم طاقت والی دھوپ نکلے گی اور راتیں سرد رہیں گی۔