دوران ڈیوٹی پرائیوٹ پریکٹس|| ڈاکٹروں کو سرکار کی تنبیہ مریضوں کو جراحی کیلئے نجی اسپتالوں میں منتقل نہ کریں

پرویز احمد

سرینگر //جموںو کشمیر سرکار نے جمعہ کوڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کو ڈیوٹی اوقات کے دوران پرایئویٹ پریکٹس سے باز رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے خلاف ور زی کرنے والوں کوسخت کارروائی کی وارننگ دی ہے۔ سرکار نے اسپتالوں کے تمام شعبوں کے سربراہان اور دیگرذمہ داران کو ہدایت دی ہے کہ وہ سرکاری اسپتال میں کام کرنے والے کسی بھی ڈاکٹر کو بد عملی کی اجازت نہ دیں جس سے ریاستی خزانہ اورعوامی خدمات کے عمل کو نقصان پہنچے۔سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ شعبہ صحت و طبی تعلیم کے چند ڈاکٹر ڈیوٹی اوقات کے دوران نجی کلنکوں پر پرایئویٹ پریکٹس کرتے ہیں۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ یہ سول سروسز قانون ،قوائد و ضوابط اور پبلک سروس کے قوائد کے خلاف ہے۔ حکم نامہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ چند ڈاکٹر اسپتال میں تعینات ہونے کے بائوجود بھی مریضوں کونجی کلنکوں میں جراحیاں کرانے کی سفارش کرتے ہیںاور اس سے آیوشمان بھارت کی صحت اسکیم کے تحت سرکاری خزانے کو نقصان پہنچتا ہے ۔

 

حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اسپتال میں تعینات ڈاکٹروں کی جانب سے نجی کلنکوں میں جراحی کی سفارش Prevention of Coruption Act 1988کے تحت جرم ہے اور اس کے علاوہ سیول سروسز رولز کی بھی خلاف ورزی ہے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ بہت سے ڈاکٹر شہر اور قصبوں میں نجی پریکٹس کرتے ہیں اور اسکی وجہ سے ایمرجنسی کے وقت وہ اپنے علاقے میں دستیاب نہیں ہوتے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ سرکار نے سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے تمام ایچ او ڈیز ماہانہ رپورٹ پیش کریں گے ۔