دفعہ370کی بحالی جموں کشمیر کے حالات اب بدل گئے: انوراگ ٹھا کر

یو این آئی

جموں//مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ جو لوگ دفعہ 370 کی بحالی کی بات کرتے ہیں انہیں سمجھنا چاہئے کہ اب جموں و کشمیر کے حالات بدل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں ترقی ہو رہی ہے اور ہر سو امن کا ماحول قائم ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں بجٹ پر بحث کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ یہ بجٹ تمام طبقوں کو کچھ نہ کچھ فراہم کرتا ہے۔موصوف مرکزی وزیر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ’ہم لوگ2011 میں کلکتہ سے کشمیر تک ترنگا یاترا کرنے کے لئے یہاں آئے تو مجھے گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا گیا تاکہ ترنگا نہ لہرایا دیا جائے‘۔ان کا کہنا تھا ’لیکن جب دفعہ370 ہٹایا گیاتو یہاں ہر طرف شانتی قائم ہوگئی ،ترقی ہو رہی ہے اور ہر گھر میں ترنگا لہرایا جاتا ہے‘۔ ٹھاکر نے کہا کہ اب کچھ لوگوں کی راج نیتی بند ہوگئی ہے جن کا کام ایک نسل کے بعد دوسری نسل کا زمینوں پر قبضہ کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ اب وہ اقتدار سے باہر ہوگئے ہیں جس سے ان کے حالات خراب ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت جموں وکشمیر کو آگے بڑھانے کا کام جاری رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کانگریس کے دور میں بجلی نہیں تھی لیکن آج ہر گھر میں بجلی ہے اور 220 ویکیسن مفت کئے گئے گیارہ کروڑ خواتین کو رسوئی گیس فراہم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جو کام کانگریس 60 برسوں میں نہ کر سکی وہ ہم نے صرف آٹھ برسوں میں کیا۔