دریائے چناب پر دو گلیاروں والاجیسوال پُل تیار امر ناتھ یاترا کے آغاز سے قبل آمدورفت کیلئے کھول دیاجائے گا

 

ایم ایم پرویز

رام بن//دریائے چناب پر جموں سری نگر قومی شاہراہ کے پرانے الائنمنٹ پر جسوال پل کے متوازی نو تعمیر شدہ دو گلیاروں والا پل تیار ہوچکا ہے جو امرناتھ جی یاترا سے پہلے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیاجائے گا۔نئے پل سے سری نگر جموں قومی شاہراہ کے چندرکوٹ۔کرول۔رام بن سیکٹر کے درمیان ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہونے کی امید ہے۔روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیرنتن گڈکری نے بدھ کو ٹویٹ کیا ’’جموں اور کشمیر میں ہم نے قومی شاہراہ کے ادھم پور۔رام بن سیکشن پر دریائے چناب پر 2 لین والے جیسوال پل کی تعمیر مکمل کر لی ہے۔

 

یہ باریک بینی سے ڈیزائن کیا گیا بیلنسڈ کینٹیلیور پل 118 میٹر تک پھیلا ہوا ہے اور اسے 20 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے‘‘۔اس پل کے قیام کا دوہرا مقصد ہے۔ سب سے پہلے، یہ چندر کوٹ رام بن سیکشن کے ساتھ بھیڑ کو کم کرے گا، گاڑیوں کی آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بنائے گا۔ دوم یہ جموں۔سری نگر قومی شاہراہ پر امرناتھ یاتراکے دوران گاڑیوں اور یاتریوں کی آمدورفت کو بغیر کسی رکاوٹ کے گزرنے میں سہولت فراہم کرے گا، جو جلد ہی شروع ہونے والی ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ تبدیلی کی ترقی نہ صرف خطے کی اقتصادی ترقی میں معاون ہے بلکہ ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر اس کی رغبت کو بھی بڑھاتی ہے۔

 

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح حکومت کے پرنسپل سکریٹری تعمیرات عامہ نے قومی شاہراہ کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے رام بن کا دورہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ افسر نے ڈھلواس سلائیڈ زون کا معائنہ کیا، جس نے کیریج وے کو تنگ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑتا ہے۔انہوں نے اضافی جسوال پل کا معائنہ کیا جسے امر ناتھ یاترا 2023 تک یا اس سے پہلے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔انہوں نے رام بن فلائی اوور پراجیکٹ پر جاری کاموں اور رام بن شہر میں بازار کا بھی معائنہ کیا۔