دبڑ پوٹھہ میں کئی دنوں سے پانی کی سپلائی بند | سینکڑوںکنبوں کو پانی کی قلت کا سامنا ،محکمہ خاموش

رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے دبڑپوٹھہ گائوں میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ جل شکتی کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 1ماہ سے پانی کی سپلائی بند بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ علاقہ میں چار سو سے زائد کنبوں کی سپلائی بند ہو گئی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے ملازمین سے لے کر آفیسران تک رجوع کیاگیا لیکن ابھی تک محکمہ کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔عام لوگوں نے محکمہ کے ملازمین و آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 6ماہ میں مذکورہ واٹر سپلائی سکیم سے محض 5سے 6مرتبہ پانی کی سپلائی فراہم کی گئی ہے ۔ ۔

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین اور آفیسران غریب عوام کو ہراساں کرنے میں مصروف ہیں تاہم مقامی اور ضلع انتظامیہ راجوری بھی کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سپلائی کو بحال کروایا جائے ۔دوسری جانب متعلقہ محکمہ کے اعلی آفیسران سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کی کوششیں کی گئی تاہم ان کا موبائل فون نا قابل رسائی تھا ۔