خواص تحصیل کے اکثر دیہات سڑک کے بغیر | لوگ پیدل ساز و سامان ڈھونے پرمجبور

سید زاہد
کوٹرنکہ/ /کوٹرنکہ سب ڈویژن کی خواص تحصیل کئی اکثر دیہات میں رابطہ سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگ اپنے کندھوں پر ساز و سامان گھروں تک پہنچانے پر مجبور ہو کر رہ گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ دیہات کو آپس میں جوڑنے کیلئے کوئی بھی رابطہ سڑک تعمیر نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے گھروں تک ضروری ساز و سامان کندھوں پر اٹھا کر لے جانے پر مجبور ہیں ۔تحصیل کے بھیلہ پنچایت کے لوگوں نے بتایا کہ پنچایت کی وار ڈ نمبر 8اور 9میں بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہو نے کے بعد انہوں نے اپنے کندھوں پر اٹھا کر مشینری کو منتقل کیا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ گائوں سڑک سے کئی کلو میٹر کی مسافت پر آباد ہے لیکن ابھی تک گائوں میں کوئی بھی رابطہ سڑک تعمیر نہیں ہو سکی ہے ۔عام لوگوں نے انتظامیہ پر کھو کھلے نعرے لگانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ زمینی سطح پر عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔انہوں نے بتایا ہ پسماندہ دیہات کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے جس کی وجہ سے لوگ قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ تحصیل میں جو سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں وہ بھی محکموں کی لاپرواہی کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں جبکہ کئی دیہات میں ابھی تک مذکورہ سہولیت دستیاب نہیں ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل کے پسماندہ دیہات میں سڑک جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔