خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں برف و باراں،معمولات زندگی درہم برہم ڈوڈہ ضلع میںرابطہ سڑکیں خستہ حال، پانی و بجلی کا نظام متاثر

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ ہفتہ کے روز جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئی ۔اطلاعات کے مطابق جمعہ و ہفتہ کی درمیانی شب کو ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو ہفتہ کو دوپہر تک جاری رہی اور کچھ دیر کے لئے موسم صاف ہوا تاہم سہ پہر کو دوبارہ بارشوں و برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھی۔مسلسل بارشوں و برفباری کی وجہ سے جہاں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور خطہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہیں ڈوڈہ کشتواڑ قومی شاہراہ سمیت اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکیں زیر آب آئیں اور نکاسی نظام کی عدم موجودگی سے سڑکوں پر بارش کا پانی تالابی صورتحال اختیار کر گیا۔ اس دوران متعدد دیہات میں پانی کی اسکیموں و بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا۔مقامی لوگوں نے بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سحری و افطاری کے وقت بجلی زیادہ تر گل رہتی ہے جس کے نتیجے میں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔