خطہ پیر پنچال کے دونوں اضلاع میں معذوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریبات منعقد

حسین محتشم+سمت بھارگو
راجوری+پونچھ //جموں وکشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیاگیا ۔ضلع انتظامیہ راجوری نے سماجی بہبود اور صحت کے محکموں کے ساتھ مل کر ہفتہ کو معذور افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک میگا پروگرام کا انعقاد کیا۔ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریب کا افتتاح کیا۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے کہا کہ حکومت خصوصی طور پر معذور افراد کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈی سی نے خصوصی طور پر معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی جانب سے کیے گئے مختلف اقدامات کا ذکر کیا، جن میں پنشن، مفت تعلیم، مفت علاج معالجہ، مفت سفر، پیشہ ورانہ پروگرام وغیرہ کی شکل میں مالی امداد شامل ہے، اور کہا کہ بڑی تعداد میں اس زمرے کے لوگ ان اقدامات سے مستفید ہوتے ہیں۔آفیسر موصوف نے کہاکہ رواں برس خصوصی طور پر معذور افراد میں 53 موٹر سائیکلیں تقسیم کی گئی ہیں اور 143 مزید کی مانگ متعلقہ حکام کو پیش کی گئی ہے۔ڈی سی نے یہ بھی بتایا کہ تمام پولنگ سٹیشنوں پر خصوصی طور پر معذور افراد کے لئے ریمپ کی سہولت قائم کی گئی ہے تاکہ وہ بغیر کسی دقت کے ووٹ ڈال سکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی وازاد قادری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایسے افراد کو سماجی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے عزائم کو پورا کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دن معذور افراد کو متاثر کرنے والے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کی فلاح و بہبود، ان کے وقار اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے منایا جاتا ہے۔ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر وکیل احمد بھٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خصوصی طور پر معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی جانب سے کیے گئے متعدد اقدامات پر روشنی ڈالی اور ان پر زور دیا کہ وہ ان کے فوائد سے استفادہ کریں۔ بعد ازاں ڈی سی نے خصوصی طور پر معذور افراد کو 04 وہیل چیئرز، 10 واکنگ اسٹکس، 40 معذوری کے سرٹیفکیٹ اور 03 سماعت کے آلات بھی فراہم کئے۔محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے شری کرشن چندر میموریل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے کانفرنس ہال میں معذور افراد کے عالمی دن پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں متعدد معذور افراد نے شرکت کی۔اس تقریب میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔تقریب کے دوران ڈگری کالج پہنچے اور دیگر تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کی جانب سے رنگارنگ تمدنی پروگرام پیش کیا گیاجبکہ کچھ طلباء و طالبات نے اس دن کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ اسکے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر اندرجیت و دیگر افسران نے معذورین کو اس دن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انکی عزت افزائی کی اور ہر وقت انکے تعاون کو لیکر انتظامیہ کی جانب سے ہر طرح کی امداد دئے جانے کی یقین دہانی کرائی۔تقریب کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت نہیں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کو بااختیار بنانے کیلئے مرکزی حکومت کے معزور بچوں کے حق میں ایسے اقدامات اٹھا رہی جس سے کہ جسمانی طور پر معزور اپنے آپ کو کسی سے کمتر نہ سمجھیں۔واضح رہے کہ ہر سال 3دسمبر کو یو این او کی جانب سے پوری دنیا میں معذور افراد کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اس دن کی مناسبت سے دنیا کے مختلف ممالک میں معذور افراد کے مسائل، ان کی تعلیم و تربیت اور انہیں معاشرے کے دیگر افراد کے برابر لانے کے لئے مختلف قسم کے پروگرام ، سیمینار، محفلیں اور ریلیاں منعقد کی جاتی ہیں، جن کے ذریعے خصوصی افراد کے مسائل سے آگاہی اور ان کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کے متعلق آگاہی حاصل کرتے ہیں۔سماجی کارکن پردیپ کھنہ، عبدالرشید شاہ پوری اور مہندر پال نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 3دسمبر کو عالمی یوم معذور کی مناسبت سے منانے کے کا مقصد ہے کہ عام افراد کو اس دن کے حوالے سے معذور افراد کے متعلق شعور و آگاہی دی جائے گی تاکہ وہ خصوصی افراد کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔انہوں نے کہا اس دن کو اس لئے بھی منایاجاتا ہے تاکہ معذور افرا دکے مسائل کو اجاگر کر کے ان کے بنیادی حقوق کا خیال رکھا جائے اور عام آدمی معذور افراد کے ساتھ سیاسی سماجی معاشرتی اور اخلاقی تعلقات بحال رکھ کر معذور افراد کے لئے مالی معاونت کریں ۔