خبر کا اثر | آڑائی سڑک پر مرمتی کام شروع تحصیلدار منڈی نے سڑک کا جائزہ لیا

 

عشرت حسین بٹ

منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ آڑائی کی طرف جانے والی سڑک پر حکام کی جانب سے مرمتی کام شروع کر دیا گیا ہے تحصیلدار منڈی نے ازخود سڑک کا جائزہ لیا ہے۔ بتا دیں کہ روزنامہ کشمیر عظمی نے 5جون کے شمارے میں آڑائی سڑک کی خستہ حالی کو لے کر ایک خبر شائع کی تھی جس کے فورن بعد ہی انتظامیہ نے اس خبر کا نوٹس لیتے ہوئے اس سڑک پر مرمتی کام شروع کر دیا۔

 

اس حوالے سے تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف خان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین ایم چودری کی ہدایت پر پی ایم جی ایس وائی اتھارٹیز کے ہمراہ آڑائی سڑک کا معائنہ کر کے جے سی بی مشینوں کے ذریعہ سڑک سے ملبہ ہٹانے کاکام شروع کروا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سڑک کے دونوں اطراف گرے ہوئے حفاظتی باندھ کا بھی معائنہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد ہی پی ایم جی ایس وائی اس سڑک کی مرمت کو مکمل کر کے عوام کی مشکلات کا ازالہ کردے گا ۔واضح رہے کہ آڑائی سڑک کی خستہ حالت کو لے کر علاقہ کے لوگوں پنچوں اور سرپنچوں نے از خود تین دن قبل مرمتی کاکام شروع کیا تھا جس کو دیکھتے ہوئے حکام نے سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا ۔